آصف زرداری پرائیویٹ میڈیکل بورڈ سے اپنا علاج کرانا چاہتے ہیں، فاروق ایچ نائیک

سابق صدر کسی صورت ملک سے باہر نہیں جائیں گے، پہلے بھی مقدمات کا سامنا کیا اب بھی کررہے ہیں ، انٹرویو

منگل 12 نومبر 2019 14:44

آصف زرداری پرائیویٹ میڈیکل بورڈ سے اپنا علاج کرانا چاہتے ہیں، فاروق ایچ نائیک
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی رہنما سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری ضمانت کے لیے رضا مند نہیں ہیں تاہم وہ پرائیویٹ ڈاکٹروں کا بورڈ تشکیل دے کر ان سے اپنا علاج کرانا چاہتے ہیں۔ایک انٹرویو میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آصف علی زرداری کی اڈیالہ جیل میں طبیعت ناساز ہو گئی تھی جس کی وجہ سے وہ اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کی طبیعت انتہائی ناساز ہے، سابق صدر کی شوگر کا بھی مسئلہ ہے اور 24 گھنٹے ان کے ساتھ ایک اٹینڈنٹ موجود رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری ضمانت کے لیے رضا مند نہیں ہو رہے ہیں تاہم وہ اپنے پرائیویٹ ڈاکٹروں سے علاج کرانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

جس کے لیے ہم نے احتساب عدالت میں ایک درخواست دائر کر دی ہے جس کی سماعت 12 نومبر کو ہو گی جس میں پرائیویٹ ڈاکٹروں کا بورڈ تشکیل دینے کا فیصلہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ سابق صدر کسی صورت ملک سے باہر نہیں جائیں گے۔ اس سے قبل بھی ان کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے تھے جن میں وہ بری ہوئے اور اب بھی دو مقدمات ہیں۔

جن کا وہ سامنا کر رہے ہیں۔پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ آصف علی زرداری کے خلاف قائم کردہ مقدمات میں اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی کوئی چارج شیٹ پیش کی گئی ہے۔ اس میں تین کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام لگایا گیا ہے جو آصف زرداری کی بھی نہیں بلکہ کمپنی کی ہے اور وہ الزام بھی اب تک ثابت نہیں ہو سکا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی طبیعت بھی انتہائی ناساز ہے اور اگر عدالت باہر جاکر علاج کرانے کی اجازت دیتی ہے تو وہ باہر جا سکتے ہیں اس میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں