کراچی،سندھ حکومت کے تعاون سے واٹربورڈ کے بیڑے میں مزید20 جدید سکشن اور ہائی پریشر جیٹنگ مشینوں کا اضافہ کیا جائے گا

وزیراعلیٰ سندھ کل مشینوں کی چابیاں ایم ڈی واٹربورڈ انجینئراسداللہ خان کے حوالے کریں گے ٓجدید مشینوں کی آمد سے کراچی میں نکاسی آب کی شکایات کے فوری ازالے میں بھرپور مدد ملے گی

منگل 12 نومبر 2019 23:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 نومبر2019ء) کراچی کے شہریوں کو نکاسی آب کی سہولیات میں مزید بہتری کے لئے سندھ حکومت کے تعاون سے واٹربورڈ کے بیڑے میں مزید20 جدید سکشن اور ہائی پریشر جیٹنگ مشینوں کا اضافہ کیا جارہے،و زیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بدھ 13نومبر کو منعقدہ ایک تقریب میں دورحاضر کے تقاضو ں کے مطابق تیار کرائی گئی مشینوں کی چابیاںوزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی موجودگی میں ایم ڈی واٹربورڈ انجینئراسداللہ خان کے حوالے کریں گے ،ان جدید مشینوں کی آمد سے کراچی میں نکاسی آب کی شکایات کے فوری ازالے میں بھرپور مدد ملے گی ، تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ خصوصاً وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ اور وزیربلدیات وچیئرمین واٹربورڈ سید ناصر حسین شاہ کی خصوصی کوششوں اور بھرپور تعاون سے واٹربورڈ نے شہر میں سیوریج کے مسائل پر قابو پانے کیلئے یورپی ٹیکنالوجی سے مزین20 جدیدسکشن اور ہائی پریشر جیٹنگ مشینیں تیار کرالی ہیں ،ان مشینوں کا افتتاح بدھ 13نومبر کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بارہ دری میں میں منعقدہ تقریب میں کریں گے، جس میں وزیر بلدیا ت وچیئرمین واٹربورڈ سید ناصر حسین شاہ کے علاوہ دیگر وزراء اور اہم شخصیات شرکت کریںگی ، تقریب میںوزیر اعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ تیار کرائی گئی گاڑیوں کی چابیاں ایم ڈی واٹربورڈ انجینئر اسداللہ خان کے حوالے کریںگے ،واٹربورڈ کے بیڑے میں ان 20مشینوں کی آمد سے سکشن اور جیٹنگ مشینوں کی تعداد 56ہوجائے گی ،واضح رہے کہ واٹربورڈکے پاس 2007میں 36سکشن اور جیٹنگ مشینیں آئی تھیں جو کہ 12سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود شہریوں کو درپیش نکاسی آب کی شکایات کے ازالے کیلئے استعما ل کی جارہی ہیں، ایم ڈی واٹربورڈ انجینئر اسداللہ خان کی خصوصی توجہ اور سیورکلینگ ایکوپمنٹ اینڈ سروسز ورکشاپ ڈویژن کی شبانہ روز محنت کے نتیجے میںتمام مشینیں اچھی کنڈیشن میں ہیں ،شہر کی بڑھتی آبادی کے پیش نظر ان مشینوں کے بیڑے میں اضافہ ناگزیر ہوگیا تھا،جس کو محسوس کرتے ہوئے ایم ڈی واٹربورڈ نے وزیراعلیٰ سندھ اور وزیربلدیات سے مزید مشینوںکی فراہمی کی درخواست کی جسے بخوشی منظورکرلیا گیا ،نئی سکشن وہائی پریشر جیٹنگ مشینیں دورجدیدکے تقاضو ں کے پیش نظر خودکار ہائیڈرولک نظام سمیت یورپی انسٹرومنٹ سے لیس ہیں ان 20مشینوں میں سے 10سکشن اور 20جیٹنگ مشینیں شامل ہیں جو کہ ایک پیئر (جوڑے )کی صورت میں کام کرتی ہیں ،واٹربورڈکے انجینئرز نے شہر کی ضرورت کے پیش نظر سکشن مشینوں کا ٹینک 5000کے بجائے 7000لیٹرجبکہ، جیٹنگ مشینوں کا8000لیٹر گنجائش کا بنوایا ہے ، ان گاڑیوں کی نقل وحرکت پر نظر رکھنے کیلئے انہیں ٹریکر سسٹم سے منسلک کیاگیا ہے جبکہ حادثات کے خدشات سے بچنے کیلئے بیک کیمرے بھی لگائے گئے ہیں ،پرانی جیٹنگ مشینوں میں 150فٹ راڈ ( پائپ) نصب ہیں، جبکہ نئی مشینوں میں330فٹ پائپ نصب کیا گیا ہے،نئی جیٹنگ مشینوں میں پانی کا پریشر 300بار رکھا گیا ہے ،یاد رہے کہ سندھ حکومت کے تعاون سے واٹربورڈ کی پرانی سکشن وجیٹنگ مشینوں کو بھی اپ گریڈ کرکے ان کے استعدادکار میںاضافہ کیا جائے گا۔

#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں