حکومت کھوکھرا پار سرحد کھولنے کا اعلان کرے، ڈاکٹر سلیم حیدر

لاکھوں مہاجر بھارت میں اپنے عزیز واقارب اور مزارات کی زیارت کیلئے جانا چاہتے ہیں،چیئرمین ایم آئی ٹی

بدھ 13 نومبر 2019 19:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2019ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ جس طرح کرتارپور راہداری کھولی گئی ہے اسی طرح کھوکھرا پار کی سرحد بھی فوری طورپر کھولی جائے تاکہ سندھ میں بسنے والے مہاجر بھارت میں اپنے عزیز واقارب ملنے کے علاوہ اولیاء اللہ کے مزارات کی حاضری بھی دے سکیں۔ وہ سماجی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے۔

ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہاکہ مہاجر 40 سال سے کھوکھرا پار کی سرحد کھولنے کا مطالبہ کررہے ہیں ، سابقہ وزیراعظم محمد خان جونیجو نے کھوکھرا پار کی سرحد کھولنے کا اعلان بھی کیا تھا لیکن آج تک اس اعلان پر عملدرآمد نہیں کیا جاسکا۔ انہوں نے کہاکہ کروڑوں مہاجر جو قیام پاکستان کے وقت بھارت سے ہجرت کرکے یہاں آئے اور سندھ میں آباد ہوئے ہیں ان کو اپنے عزیز واقارب سے ملنے جانے کیلئے پریشانی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

(جاری ہے)

تبدیلی کے نام پر آنے والی حکومت سے کراچی اور حیدرآباد کے عوام یہ امید کرتے ہیں کہ جس طرح کرتار پور راہداری کھولی گئی ہے اسی طرح کھوکھرا پار کی سرحد بھی کھولی جائے۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے آج تک کوئی ایک بھی مہاجر مطالبہ حل نہیں کیا گیا بلکہ مہاجر مسائل میں ہر آنے والے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے۔ کراچی جو سندھ کا دارالحکومت ہے اس میں وفاقی اور صوبائی حکومت نے نہ تو آج تک سرکاری سطح پر پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام متعارف کرایا ہے نہ ہی کراچی کی بڑھتی ہوئی آبادی کیلئے نئے اسپتال اور تعلیمی ادارے بنائے جاسکے ہیں جس کے باعث کراچی کے عوام نجی اداروں کے رحم وکرم پر ہیں اور انہیں علاج اور تعلیم جیسے معاملات کیلئے بھی بھاری رقم خرچ کرنی پڑتی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں