سندھ ہائی کورٹ، محکمہ اطلاعات سندھ کو سی پی این ای کے رکن اخبارات اشتہارات کی جانچ پڑتال اور ادائیگیوں کا عمل دو ہفتوں میں مکمل کر کے 4دسمبر تک کارگزاری رپورٹ پیش کرنے کا حکم

بدھ 13 نومبر 2019 21:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 نومبر2019ء) سندھ ہائی کورٹ نے محکمہ اطلاعات سندھ کو کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے اراکین کے اخبارات کو ڈائریکٹ اور ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کے ذریعے جاری ہونے والے اشتہارات کی جانچ پڑتال اور ادائیگیوں کا عمل دو ہفتوں میں مکمل کر کے 4دسمبر 2019ء تک آئندہ سماعت میں کارگزاری کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

سندھ ہائی کورٹ کے حکم کے تحت تشکیل شدہ سی پی این ای اور محکمہ اطلاعات کے نمائندوں پر مشتمل اسکروٹنی کمیٹی نہ صرف ڈائریکٹ بلکہ ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کے ذریعے جاری شدہ اشتہارات کی مد میں واجبات کے بقایاجات کی بھی جانچ پڑتال کرے گی۔ جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس فیصل آغا پر مشتمل سندھ ہائی کورٹ کی ڈویژن بینچ نے سی پی این ای کی جانب سے اخباری اداروں کو بقایاجات کی فوری ادائیگی کے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنے پر دائر کردہ توہین عدالت کی درخواست کی آج جب سماعت شروع ہوئی تو سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک نے عدالت کو بتایا کہ سندھ حکومت کا دعویٰ ہے کہ اس نے بیشتر ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کو تمام واجبات ادا کر دیئے ہیں تاہم ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں نے ابھی تک اخبارات کو واجبات کی ادائیگیاں نہیں کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سرکاری اشتہارات کے واجبات سے ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کی بطور کمیشن 15فیصد رقم منہا کر کے بقیہ واجبات کی ادائیگی اخبارات کو براہ راست کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کے ذریعے جاری شدہ اشتہارات کی ادائیگیوں کی ذمہ داری بھی حکومت پر عائد ہوتی ہے کیونکہ ایڈورٹانزنگ ایجنسیوں کا تقرر صرف حکومت ہی کرتی ہے۔

اس دوران محکمہ اطلاعات سندھ کے ڈائریکٹر (اشتہارات) ذوالفقار علی شاہ نے عدالت کو بتایا کہ بقایاجات کی جانچ پڑتال اور تصدیق کا عمل جاری ہے اور صوبائی محکمہ اطلاعات نے ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ صرف 15% فیصد بطور ایجنسی کمیشن منہا کر کے بقایا رقم فوری طور پر اخبارات کو ادا کریں۔ انہوں نے عدالت کو یقین دلایا کہ سی پی این ای کے اراکین کے اخبارات کے تمام تر واجبات جلد ادا کر دیئے جائیں گے جس پر عدالت نے حکم دیا کہ واجبات کی جانچ پڑتال کا عمل جلد مکمل کر کے اخبارات کو تمام واجبات کی ادائیگیوں کا معاملہ جلد حل کیا جائے اور 4 دسمبر 2019ء کو آئندہ سماعت کے موقع پر کارگزاری کی رپورٹ پیش کی جائے۔

سی پی این ای کی پیروی رفیق احمد کلوڑ ایڈوکیٹ نے کی اور اس موقع پر ایڈیٹرز، صحافی اور میڈیا ورکرز بڑی تعداد میں موجود تھے۔ #

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں