سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم گاڑیوں کے نا جائز ورکشاپ فوری ختم کئے جائیں حاجی شریف الدین

جمعرات 14 نومبر 2019 17:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2019ء) بتول ویلفیئر کے چیئر مین حاجی شریف الدین نے میئر کراچی اور ایس ایس پی ٹریفک سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم گاڑیوں کے نا جائز ورکشاپ فوری ختم کئے جائیں انہوں نے کہا کہ نیوٹائون مسجد سے سینٹرل جیل تک موٹر سائیکلوں اور کاروں کے ورکشاپ کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں شدید رکاوٹ پیدا ہوگئی ہے حاجی شریف الدین نے کہا کہ قبضہ مافیا نے جمشید ٹائون یو سی 13 کی مین شاہراہوں اور فٹ پاتھوں پر ناجائز قبضہ کرکے موٹر سائیکلوں اور کاروں کے ورکشاپ قائم کئے ہوئے ہیں جس سے ٹریفک کی روانی میں خصوصاًً شام کے وقت شدید ٹریفک جام رہتا ہے انہوں نے کہا کہ خاص کر جامع مسجد بیت الاسلام اور اس کے اطراف میں ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے نمازیوں اور علاقہ مکینوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے حاجی شریف الدین نے کہا کہ سڑک پر کئی کئی گھنٹے ٹریفک جام رہتا ہے جس کے شور اور دھوئیں سے بوڑھے ،بچے اور خواتین مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں انہوں نے کہا کہ پوری کراچی میں ٹریفک پولیس اہلکار ہر سڑک اور چوک پر موجود ہوتے ہیں مگر جمشید روڈ کی اس سڑک پر ایک بھی ٹریفک پولیس اہلکار نظر نہیں آتا اور نہ ہی کوئی ٹریفک کو کنٹرول کرتا ہے حاجی شریف الدین نے کہا کہ اگر سڑکوں پر سے یہ نا جائز گاڑیوں کے ورکشاپ ختم نہیں کئے گئے تو علاقہ مکین ان ورکشاپوں کے خلاف میئر کراچی اور ایس ایس پی ٹریفک کے دفاتر پر احتجاج کریں گے اور اپنی آواز حکام بالا تک پہنچا ئیں گے انہوں نے کہا کہ پوری کراچی سے تجاوزات ختم کی جارہی ہیں مگر جمشید ٹائون میں قائم ناجائز تجاوزات کے خلاف کسی بھی قسم کی کوئی کاروائی نہیں کی جارہی ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں