ترقیاتی منصوبے شروع نہ کرنے والے ٹھیکیدار بلیک لسٹ کئے جائیں، چیئرمین بلدیہ ملیر

جمعرات 14 نومبر 2019 17:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2019ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ وائس چیئرمین بلدیہ ملیر عبدالخالق مروت نے کہا ہے کہ ہمارا منصب عوام کی امانت ہے ،ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے عوام کے مسائل حل کرنا ہمارا منصبی فرض اور عوام کے اعتماد کا ہم پر قرض ہے ،بلدیہ ملیر کی تعمیر وترقی کیلئے عوامی نمائندگان اور بلدیاتی افسران کی باہمی مشاورت سے عوامی ضروریات،خواہشات اور امنگوں کے عین مطابق منصوبے تشکیل دیکر مرحلہ وار ٹینڈر جاری کئے گئے جن میں سے بیشتر منصوبوں کے بروقت اجراء اور تکمیل کو یقینی بنایا گیا تاہم بعض ٹھیکیداروں نے بروقت منصوبے شروع نہیں کئے ایسے تمام ٹھیکیداروں کو اظہار وجوہ کے حتمی نوٹس جاری کئے جائیں اور منصوبوں کے اجراء میں غیر ضروری تاخیر کرنے والے ٹھیکیداروں کو بلیک لسٹ کردیا جائے وہ گزشتہ روز محکمہ عمارات وشاہرات اور محکمہ الیکٹریکل ومکینیکل کے تحت جاری ٹینڈروں کے ترقیاتی منصوبوں کی موجودہ صورتِ حال کے حوالے سے اراکین کونسل وافسران کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں میونسپل کمشنر صفدر علی بھگیو، اراکین کونسل بلدیہ ملیر ، محکمہ جاتی سربراہان موجود تھے۔مشاورتی اجلاس میں اراکین کونسل نے یونین سابقہ لانڈھی ٹائون سے بلدیہ ملیر میں شامل ہونے والی یونین کمیٹیوں کو دیگر یونین کمیٹیوں کے مقابلے میں نظر انداز کئے جانے کی شکایات کرتے ہوئے کہا کہ یونین کمیٹی دائود چورنگی،مسلم آباد،مظفر آباد،معین آباد ودیگر یونین کمیٹیوں میں 2018میں جاری ٹینڈروں کے منصوبوں پر بھی تاحال کام شروع نہیں کئے گئے ،اراکین کونسل نے متعلقہ منصوبوں کے ٹھیکیداروں کے خلاف محکمہ جاتی قوانین کے تحت کاروائی عمل میں لانے اور منصوبوں پر فوری اور ہنگامی بنیادوں پرکام شروع کرانے کا مطالبہ کیا۔

چیئرمین بلدیہ ملیر نے مزید کہا کہ محدود وسائل وسیع پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں کی تشکیل میں بڑی رکاوٹ ہے ۔اراکینِ کونسل بلدیہ ملیر نے وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے وعدے کے مطابق کراچی پیکیج کے 162ارب روپے جاری کریں،اراکینِ کونسل کا کہنا ہے کہ بیشک وہ کراچی میں اپنے منتخب اراکینِ قومی وصوبائی اسمبلی اور گورنر سندھ کے توسط سے ہی ترقیاتی کام کرائیں ۔اراکینِ کونسل بلدیہ ملیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں