جے یوآئی کے تحت نوجوانوں میں شعور بیدارکرنے کی مہم کا آغاز

زندگی کے ہر شعبے میں نوجوانوں کا کردارانتہائی اہم ہے ،مفتی حماداللہ مدنی، خواجہ احمدالرحمان یارخان

جمعرات 14 نومبر 2019 18:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2019ء) جمعیت علمائے اسلام س کے تحت نوجوانوں میں شعوربیدارکرنے کی مہم کا آغاز ہوگیا، اس سلسلے میں خانقاہ مدنیہ عثمان بن عفان مسجد سرجانی ٹائون میں جے یوآئی کے مرکزی رہنماعلامہ احمدعلی کے زیرصدارت اسلام کی سربلندی ،استحکام پاکستان اور اصلاح معاشرہ میں نوجوانوں کے کردارپرسیمینارکاانعقاد کیاگیاجس میں علامہ خواجہ احمدالرحمان یارخان مہمان خصوصی تھے،جبکہ مفتی ظل الرحمان، مفتی معاذمدنی، مفتی فیضان شفیع، حافظ بلال، حافظ اسامہ احمدعلی ودیگر نے خصوصی شرکت کی۔

سیمینار سے میزبان جے یوآئی س کراچی کے جنرل سیکریٹری مفتی محمدحماداللہ مدنی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ زندگی کے ہر شعبے میں نوجوانوں کا کردارانتہائی اہم ہے، نوجوان کسی بھی معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، جمعیت علمائے اسلام اپنے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی، ہم اس ملک کے ان نوجوانوں کو جے یوآئی کا پلیٹ فارم فراہم کررہے ہیں جو ملک میں اسلام کی سربلندی، وطن عزیزکے استحکام وسلامتی اور معاشرے کی اصلاح میں اپناکرداراداکرناچاہتے ہیں،وہ نوجوان آئیں اور ہمارے ساتھ مل کر پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی، فلاحی اور اصلاحی مملکت بنانے میں اپناکرداراداکریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نوجوان ہی اس ملک کے مستقبل کے معمارہیں، ان کی بہتر تربیت کرکے معاشرے کو اصلاحی فلاحی ریاست بنایاجاسکتاہے۔مہمان خصوصی مولاناخواجہ احمدالرحمان یارخان نے اپنے خطاب میں کہاکہ نوجوانوں نے ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہامنوایاہے،تاریخ عالم یہ بتاتی ہے کہ نوجوان ہر تحریک کا ہراول دستہ ہوتے ہیں، پاکستان میں نفاذ شرعیت کے لئے نوجوان آگے آئیں اور جمعیت علمائے اسلام کے تحت اپنی صلاحیتیں اور کاوشیں بروئے کارلائیں۔

علامہ احمدعلی مدنی نے صدارتی خطاب میں کہاکہ یہ خوش آئند بات ہے کہ اصلاح معاشرہ کا جذبہ رکھنے والے نوجوان جمعیت علمائے اسلام کے پلیٹ فارم پر متحد ہورہے ہیںاور مقاصد پاکستان کی تکمیل کے لئے کمربستہ ہوچکے ہیں اور ملک میں اسلامی نظام نافذ کرکے دم لیں گے۔انہوں نے کہاکہ نوجوان شہر کے کونے کونے میں پھیل جائیں اور دین کی سربلندی وغلبہء اسلام ،پاکستان کے استحکام وسلامتی اور اصلاح معاشرہ کی جدوجہد تیز کردیں۔قبل ازیں نوجوانوں نے موضوع کے اعتبار سے سیرحاصل تقاریر کیں اور اس عزم کا اعادہ کیاکہ دین اسلام کی سربلندی اور غلبے ، وطن عزیز کے استحکام اور معاشرے کی اصلاح کے لئے اپنی تمام ترصلاحیتیں ،کوششیں اور کاوشیں بروئے کارلائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں