وفاقی حکومت کے جاری کردہ آرڈیننس بالخصوص قیدیوں کے معاملات آئین پاکستان سے متصادم ہے ،بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

سندھ حکومت نے سپریم کورٹ میں آرڈیننس کے نافذ العمل ہونے کے خلاف پٹیشن دائر کردی ہے، ہر جگہ احتجاج کا نام لے کر آمدورفت کو روکنے کی کوشش کی گئی تو سندھ حکومت قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے ایکشن لے گی،ترجمان سندھ حکومت و مشیر قانون ماحولیات وسا حلی ترقی وزیراعلیٰ سندھ

جمعرات 14 نومبر 2019 23:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2019ء) وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر قانون ماحولیات وسا حلی ترقی اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے جاری کردہ آرڈیننس بالخصوص قیدیوں کے معاملات آئین پاکستان سے متصادم ہے جو صوبائی مداخلت کے زمرے میں آتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسمبلی کے میڈیا کورنر پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ جیل اور قیدیوں کے معاملات صوبائی حکومتوں کے زیر انتظام ہیں وفاقی حکومت نے قیدیوں کو جیل میں رکھنے کے لئے جو آرڈیننس جاری کیا ہے حکومت سے اس غیر آئینی اقدام کے لیے عدلیہ سے رجوع کرے گی۔سندھ حکومت نے سپریم کورٹ میں اس آرڈیننس کے نافذ العمل ہونے کے خلاف پٹیشن دائر کردی ہے اور اُمید ہے کہ بہت جلد اس مقدمے کی شنوائی ہوگی اور فیصلہ سے حکومت کے موقف کی تائید کرے گا۔

(جاری ہے)

صوبائی مشیر نے کہا کہ احتجاج کرنا ہر شہری کا حق ہے مگر ہر جگہ احتجاج کا نام لے کر آمدورفت کو روکنے کی کوشش کی گئی تو سندھ حکومت قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے ایکشن لے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم احتجاج کرنے والوں سے مذاکرات کریں گے کیونکہ ان کا احتجاج وفاقی حکومت کے خلاف ہے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پا ر ٹی نے کبھی بھی لاک ڈاؤن کی حمایت نہیں کی ہم نے ہمیشہ جمہوریت اور جمہوری اداروں کا ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت گفت و شنید اور مذاکرات پر یقین نہیں رکھتی اور انہیں عوام کے مسائل کا علم نہیں۔مشیر قا نو ن نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کے زرعی علاقوں پر ٹڈی دل کا حملہ ہماری زرعی معیشت کے لیے نقصان دہ ہے کیونکہ فصلوں پر اسپرے کرنے والے جہاز شہید عوام زلفقارعلی بھٹو کا تحفہ ہیں۔ان جہازوں کی حالت خراب ہے اگر وفاقی حکومت وہ جہا ز سندھ حکومت کے حوالے کردے تو ہم ان جہازوں کے مرمت کرانے کے بعد فصلوں پر فیومیگیشن اور اسپرے خود کرلیں گے مگر وفاقی حکومت کی اس حساس معاملے پر جو نہیں رینگ رہی ۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری ایک مرد آہن ہیں جنہوں نے خندہ پیشانی سے جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا اور آج بھی مسکراتے چہرے سے جعلی مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔آج بھی آصف علی زرداری بیرون ملک علاج کے لیے نہیں جانا چاہ رہے ہیں وہ صرف ان معالجین سے علاج کے لئے کہہ رہے ہیں جو ان کے برسوں پرانے ڈاکٹر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے تمام مظالم کا سامنا کرتے رہے تھے اور کرتے رہیں گے۔

علاوہ ازیں بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے لیاری میں این آئی سی وی ڈی کے چیسٹ پین یونٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ہم میں اور تحریک انصاف میں یہی بنیادی فرق ہے کہ ہم پہلے منصوبے کو مکمل کرنے کے بعد فیتا کاٹتے ہیں جبکہ تحریک انصاف والے فیتا کاٹنے کے بعد اصل منصوبے کو فراموش کر دیتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کنٹینر کو عوام کی فلاح کے لیے استعمال کیا جبکہ تحریک انصاف میں کنٹینر کو انتشار کی علامت بنایا۔انہوں نے کہا کہ چیسٹ پین یونٹ کے قائم ہونے سے لیاری کے باشندے استفادہ کریں گے ہمارا مقصد یہ ہے کہ پورے ملک میں صحت کی سہولیات کا جال بچھایا جائے۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں