کراچی، یورپین سوسائٹی آف انٹینسو کیئر میڈیسن اور پاکستان سوسائٹی آف کریٹکل کیئر میڈیسن کے اشتراک سے تین روزہ SEPSIS ALIVE کورس کا انعقاد

جمعہ 15 نومبر 2019 23:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2019ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اور عباسی شہید اسپتال میں 18 نومبر2019ء سے یورپین سوسائٹی آف انٹینسو کیئر میڈیسن (ESICM) اور پاکستان سوسائٹی آف کریٹکل کیئر میڈیسن کے اشتراک سے ایک تین روزہ SEPSIS ALIVE کورس منعقد کیا جا رہا ہے جس میں برطانیہ‘جنوبی افریقہ‘سربیا‘ آسٹریا‘ ہالینڈ‘یوگنڈا سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ماہرین خون کے ذریعے جسم میں پیدا ہونے والے امراض اور اس سے متعلقہ عفونتی عارضے کی وجوہات اور اس کے علاج کے حوالے سے پرائیویٹ اور سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹروں اور سرجنز کو ٹریننگ دیں گے ، کورس کے لئے فنڈنگ بین الاقوامی ادارہ ALIVE ESICM FUND نے کی ہے جو دنیا بھر میں انتہائی طبی نگہداشت کے شعبے میں معلومات‘ تربیت اور علاج معالجے کی سہولیات مہیا کرنے کے لئے قائم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کورس کا افتتاح 18نومبرکو کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے اشتیاق آڈیٹوریم میں ہوگا جبکہ آخری دن عباسی شہید اسپتال کے میڈیکل آئی سی یو میں ڈاکٹروں کو عملی تربیت دی جائے گی، تربیت حاصل کرنے والے ڈاکٹر بعدازیں فالو اپ کورسز میں شرکاء کو ٹریننگ دیں گے۔واضح رہے کہ SEPSIS(عفونت دم) دنیا بھر میں اموات کی عام وجوہات میں سے ایک ہے اور زیادہ تر اس کا نشانہ کم یا درمیانی آمدنی والے ممالک کی آبادی بنتی ہے جنہیں متعدی امراض کا خطرہ رہتا ہے اور سالانہ 60 لاکھ افراد اس کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں، اس لئے اس مرض کی وجوہات کو جاننے اور اس کے متعلق آگاہی پھیلانے کی بہت زیادہ ضرورت محسوس کی جا رہی ہے‘ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپتالوں میں اس کورس کے انعقاد کا مقصد مقامی معالجین کو اعلیٰ معیار کی تربیت مہیا کرنا ہے تاکہ مقامی سطح پر SEPSISکے علاج کے لئے ماہر افرادی قوت دستیاب ہوسکے۔

#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں