آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی بااشتراک ماہنامہ دنیائے ادب کے زیر اہتمام شعروں بھری 71 ویںشام کا انعقاد

جمعہ 15 نومبر 2019 23:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2019ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی بااشتراک ماہنامہ دنیائے ادب کے زیر اہتمام خوبصورت شعروں بھری 71 ویںشام کا انعقاد منظر اکبر ہال میں کیا گیا ۔اس تقریب میںظہورالاسلام نے اپنے صدارتی کلمات میں کہاکہ میں اوجِ کمال کی اس کاوش کو کافی عرصہ سے دیکھ رہا ہوں انہوں نے نہ صرف شاعروں کا تعارف کروایا بلکہ اس تقریب سے یقینا ان کا حوصلہ بھی بڑھا ۔

مہمان خصوصی پروفیسر سحر انصاری اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بنے ہوئے 71سال ہوچکے ہیں اوراوجِ کمال کی 71شاموں سے اندازہ ہوتا ہے کہ ادب نے ترقی کی ہے، نئے شعراء کو سن کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ یہ کس نہج پر جارہے ہیں ، ثانی سید کا کلام قابلِ تعریف ہے، شائستہ مفتی ایک بہت اچھی اور کامیاب مصورہ ہیں اور یقینا ان کی شاعری اور مصوری سے مستفیض ہوتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عالیہ امام نے کہاکہ اوجِ کمال نے جہل، تاریکی، نفرت زردگی کے اس بلبلاتے ہوئے صحرا میں علم و ادب دانش کی یہ محفل سجا ئی جس پر میں انہیں مبارکباد پیش کرتی ہوں ۔ ثانی سید کا کلام، پختہ نظر اور شعلگئ فکر کی دلیل ہے میں انہیں محبت کا خراج پیش کرتی ہوں ، شائستہ مفتی کے لیے بس ایک جملہ کہ غزل محبوبہ ہے اورمحبوبہ سے آپ لاکھ پیچھا چھڑانے کی کوشش کریں لیکن اس کی کوئی نہ کوئی ادا،لفظ یااشارہ آپ کا دامن تھام لیتا ہے۔

پروفیسر اوجِ کمال نے کہاکہ ثانی سید نوجوان شاعر ہیں ان کی شاعری کے موضوعات، لفظیات اور فکر سے بہت ساری باتوں کا پتہ چلتا ہے ، شائستہ مفتی بھی ایک زمانے سے شعر کہہ رہی ہیںوہ دو کتابیں بھی لکھ چکی ہیں ہمیں خوشی محسوس ہوتی ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں لوگ یہاں موجود ہیں جس سے ہمارے حوصلے بلند رہتے ہیں۔آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی شعر وسخن کی ترویج کیلئے بہت کام کررہا ہے اور صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کا ہمیشہ سے مکمل تعاون ہمارے ساتھ ہے۔

چیئر مین ادبی کمیٹی شعروسخن عنبرحسیب عنبر کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔ثانی سید نے بہت خوبصورت اور پختہ کلام پیش کیا اور فارسی کے لفظیات بھی کہے، شائستہ مفتی نے ایک نیا انداز، فکر اورنئی سوچ کے ساتھ اپنے کلام کو پیش کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر ثمینہ عباسی ، کرنل راحیل ، ایگزیکٹوو ڈائریکٹرآرٹس کونسل ندیم ظفر، معروف مصور مسعود اے خان ، نذہت عباسی ، نصرت علی اور دیگر شعبہٴ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ نظامت کے فرائض صائمہ نفیس نے سرانجام دیئے۔#

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں