مقبوضہ کشمیر میں100دن سے نافذ کرفیو کو فوری ختم کیا جائے، سابق سفیر اقوام متحدہ عبداللہ حسین ہارون

کشمیر کا خون رنگ لا کر رہے گا اور مودی کو ہر قدم پر شکست ہوگی اور ہر محاذ پر بھارت کی شکست یقینی ہے

اتوار 17 نومبر 2019 19:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2019ء) مقبوضہ کشمیر میں100دن سے نافذ کرفیو کو فوری ختم کیا جائے یہ بات ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری کے زیر اہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے موقع پر شرکاء سے عبد اللہ حسین ہارون نے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر وائس ایڈمرل سید عارف اللہ حسینی ،سی ای او ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری ڈاکٹر فرحان عیسیٰ ،ندیم خان،ڈاکٹر صبیحہ عیسیٰ،ڈاکٹر فرح زیدی ،مریم فرحان و دیگر سیاسی و سماجی شخصیات موجود تھے۔

عبد اللہ حسین ہارون نے مزید کہا کہ کشمیر کا خون رنگ لا کر رہے گا اور مودی کو ہر قدم پر شکست ہوگی اور ہر محاذ پر بھارت کی شکست یقینی ہے انہو ں نے کہا کہ بھارت میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں خصوصاً مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک اور دیگر اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک نے خو دبھارت میں بے چینی پیدا کرتی ہے انہوں نے کہا کہ خواتین کے ساتھ ہونے والے بڑھتے ہوئے جنسی تشدد کی وجہ سے ہندوستان کی خواتین عدم تحفظ کا شکار ہوگئی ہیں چونکہ ہندوستان میں اقلیتوں کے ساتھ برسا برس سے ناروا سلوک اختیار کیا جا رہاہے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فرحان عیسیٰ نے کہا کہ بھارت میں60سے زائد چھوٹی بڑی علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں آصام کی20لاکھ مسلمان شہریوں کی شہریت ختم کردی گئی ہے جو مودی کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف نفرت کا اظہار ہے جو آر ایس ایس کے ایجنڈے پر کام کر رہا ہے اور مودی کے ہاتھ بھارتی گجرات کے مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں اگر بھارت نے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو نہیں اٹھایا تو اس بات کا اندیشہ ہے کہ وہاں انسانی المیہ جنم لے گا ۔

ندیم خان نے کہا کہ مظلوم کشمیر یوں کی عظیم جدو جہد آزادی بہت جلد کامیاب ہوگی دنیا بھر میں مودی کے خلاف پر زور احتجاج نے کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم سے پردہ اٹھادیا ہے انہوں نے کہا کہ سکھوں کی خالصتان تحریک کے علاوہ برسوں سے چلنے والی دیگر تحریکوں نے اب زور پکڑنا شروع کردیا ہے جسکی وجہ سے بھارت کے تقسیم در تقسیم ہونے کا وقت آپہنچا ہے ڈاکٹر صبیحہ عیسیٰ نے کہا کہ یہ قدرت کا قانون ہے کہ جب ظلم حد سے بڑھ جائے تو وہ مٹ جاتا ہے اور اب بہت جلد کشمیر سمیت پورے بھارت میں ظلم کی سیاہ رات ختم ہونے والی ہے انہوں نے کہا کہ بھارت میں تو صرف اقلیتوں کو ہی نہیں خود نچلی ذات کے ہندوں کو بھی اپنے دیگر ہندووں کے مقابلے میں ظلم سہنا پڑتا ہے وہاں گرجا گھر وں کو آگ لگادی جاتی ہے خواتین کی بے حرمتی کی جاتی ہے جبکہ بھارت میں کسی کی زندگی محفوظ ہے اور نہ عزت اس لئے بھارت ایک ایسا ملک ہے جہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں اس لئے دنیا بھر کو بھارت کے خلاف اٹھ کھڑے ہونا چاہیے تاکہ دنیا کو ظلم و بربریت سے نجات مل سکے اس موقع پر ڈاکٹر فرح زیدی،مریم فرحان دیگر شخصیات نے بھی خطاب کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں