کراچی،صوبہ سندھ میں ٹائیفائڈ کی نئی قسم ایکس ڈی آر ٹائیفائڈ کی دریافت تشویشناک ہے، الطاف شکو ر

منگل 19 نومبر 2019 23:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 نومبر2019ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکو رنے کہا ہے کہ ملک بھر میں بالخصوص صوبہء سندھ میں ٹائیفائڈ کی نئی قسم ایکس ڈی آر ٹائیفائڈ کی دریافت تشویشناک ہے۔ ویکسینیشن مہم کی کامیابی کے لئے عوام میں شعور بیدار کیا جائے۔تمام بڑے بیوروکریٹس ، افسران، ماہر ڈاکٹرز اور تاجرسر عام اپنے بچوں کو یہ ویکسین لگوائیںتا کہ عوام کے اندر پولیو ویکسین کے خلاف موجود مزاحمت مکمل طور پر دم توڑ سکے اوراس نئی بیماری ٹائیفائڈ ایکس ڈی آر ٹائیفائڈ ویکسینیشن مہم کو کامیابی سے ہمکنارکیا جاسکے ۔

میڈیا برادری کو بھی سنسنی خیزی سے پرہیز کرنا ہو گا ۔ اورنگی ٹائون کے ایک اسکول میں پیش آنے والے واقعے کی بھی اعلی سطحی تحقیقات کی جائیں۔

(جاری ہے)

ویکسینیشن عملہ میں تربیت کی کمی اور عوامی شعور کی بیداری پر خصوصی توجہ دی جائے تا کہ ملک کو بیماریوں سے پاک اور نئی نسل کو صحت مند اور توانا بنایا جا سکے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں الطاف شکور نے مزید کہا کہ اچھی خوراک اور صفائی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے لیکن اس سلسلے میں کراچی سمیت پورے صوبہء سندھ میں بدترین صورتحال ہے۔

وبائی امراض کے کنٹرول کے لئے کسی بھی سطح پر کوئی سرگرمی بھرپور طریقے سے کی جاتی ہوئی ہرگز نظر نہیں آرہی۔ ٹائیفائڈ کی نئی قسم کی دریافت کے بعد 2016سے اب تک 11ہزار افراد بالخصوص بچے اس کا بے رحمی سے شکار ہو چکے ہیں۔ اس بیماری کے مقابلے کے لئے روایتی اینٹی بایوٹکس کافی نہیں ہیں۔ ڈاکٹر برادری کو عوامی بیداری شعور کے لئے اہم کردار ادا کرنا چاہیئے۔

الطاف شکور نے کہا کہ اورنگی ٹائون میں ویکسینیشن مہم کے آغاز پر ہونے والے واقعے نے ملک بھر میں منفی تاثر کو اجاگر کیا ہے۔ اس تاثر کو ختم کرنے کے لئے پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی ملک بھر کی تاجر برادری ، ڈاکٹر برادری، سیاسی و سماجی جماعتوں کے ورکرز، سرکاری بیوروکریٹس، وزراء، اعلی سیکریٹریز اور نامور ڈاکٹرز سے اپیل کرتی ہے کہ پہلے وہ اپنے بچوں کو سر عام کیمپس پر ویکسین لگوائیں تا کہ اورنگی ٹائون کے ناخوشگوار واقعے کا اثر زائل ہو سکے۔

پاسبان کے چیئرمین الطاف شکور نے میڈیا برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ محتاط و مثبت رپورٹنگ کے ذریعے عوام کو اس نئی بیماری سے نمٹنے کیلئے ویکسینیشن کی اہمیت پر پروگراموں کو اولین فرصت،مناسب جگہ اور تشہیر کو قومی فرض جانتے ہوئے اپنا فرض ادا کریں #

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں