شہریوں سے یومیہ ڈیڑھ کروڑ روپے وصول کررہی ہی-‘ چیئرمین گلوبل فائونڈیشن

ڈی ایم سی سائوتھ، کمشنر کراچی، میئر کراچی، اینٹی کرپشن سمیت تمام اداروں کو شکایات درج کروائی ہے تاحال کوئی ایکشن نہیں لیا گیا، محمد احمد دائود

جمعرات 21 نومبر 2019 18:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2019ء) چارجڈ پارکنگ مافیا شہریوں سے یومیہ ڈیڑھ کروڑ روپے وصول کرنے لگی، اضافی چارجڈ پارکنگ فیس کی وصولی سے حکومتی خزانے کو بھاری نقصان ، شہریوں سے وصول کی جانے والی اضافی فیس ٹھیکیداروں اور پولیس میں شامل چند کالی بھیڑوں کے جیبوں میں جانے لگی، چارجد پارکنگ مافیا کی جانب سے شہریوں سے بدمعاشی معمول بن گئی ہے جبکہ سنگین نتائج کی دھمکیاں ملنے پر پولیس نے بھی آنکھیں بند کرلی ہیں۔

اس حوالے سے چیئرمین گلوبل فائونڈیشن محمد احمد دائود کا کہنا ہے کہ غیر قانونی چارجڈ پارکنگ اور اضافی فیس کی وصولی کیخلاف ڈی ایم سی سائوتھ، کمشنر کراچی، میئر کراچی، اینٹی کرپشن سمیت تمام اداروں کو شکایات درج کروائی ہے لیکن تاحال کسی نے بھی اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا ہے جبکہ اضافی فیس کی وصولی اور بدمعاشی کرنے والے چارجڈ پارکنگ مافیا کے کارندوں کی شکایت کیلئے 15کال سینٹر بھی شکایت سننے کو تیار نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

شہریوں سے بدمعاشی کرکے اضافی رقم لی جارہی ہے اور حکومتی خزانے کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ شہر قائد میں 27لاکھ کے قریب موٹر سائیکل رجسٹرڈ ہیں جن میں سے کم از کم اگر 15لاکھ موٹر سائیکل چارجڈ پارکنگ میں لگائی جائیں اور جن سے اضافی فیس 10روپے وصول کی جائے تو یومیہ 1.5کروڑ روپے پارکنگ مافیا کے ٹھیکیداروں اور دیگر لوگوں کی جیبوں میں جارہے ہیں۔ آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شہریوں سے اضافی رقم وصول کرنے والی بھتہ مافیا کیخلاف قانونی کاروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف ملے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں