ملک بھر کی طرح الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات پر قومی ووٹرز ڈے کے سلسلے میں صوبہ سندھ میں مرکزی تقریب کا انعقاد

الیکشن کمیشن آف پاکستان اپنی خود مختاری اور آئین میں درج ذمہ داریوں سے عہدہ برآہ ہونے کیلئے مسلسل کوشاں ہے ، صوبائی الیکشن کمشنر سندھ قومی ووٹرز ڈے منانا بھی اِس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، انتخابات کا پر امن، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے گئے ہیں

جمعرات 5 دسمبر 2019 23:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2019ء) ملک بھر کی طرح الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات پر جمعرات کو قومی ووٹرز ڈے کے سلسلے میں صوبہ سندھ میں مرکزی تقریب کا انعقاد دفتر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ میں کیا گیا، جس میں صوبائی الیکشن کمشنر سندھ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل الیکشن کمیشن آف پاکستان، اعجاز انورچوہان، سائیں بخش چنٹر، عبدالزبیر خان ڈائریکٹرز صوبائی الیکشن کمشنر سندھ، علی اصغر سیال ریجنل الیکشن کمشنر کراچی، ہیڈکوارٹرز کے افسران، مختلف ممبر ان صوبائی اسمبلی، مختلف این جی اوز اور سی ایس اوز نے شرکت کی۔

مرکزی تقریب میں محمد جاوید خان صوبائی الیکشن کمشنر سندھ، جاوید رحمت ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل، اعجاز انورچوہان ڈائریکٹر سندھ اور علی اصغر سیال ریجنل الیکشن کمشنر کراچی نے بھی مہمانان گرامی کو خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

دوران خطاب جاوید رحمت ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل الیکشن کمیشن آف پاکستان اور محمد جاوید خان صوبائی الیکشن کمشنر سندھ نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اپنی خود مختاری اور آئین میں درج ذمہ داریوں سے عہدہ برآہ ہونے کیلئے مسلسل کوشاں ہے اور قومی ووٹرز ڈے منانا بھی اِس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، انتخابات کا پر امن، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور چیف الیکشن کمشنر کی رہنمائی اور قیادت میں آئین میں درج اختیارات نیز الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے، الیکشن کمیشن انتخابات کے جمہوری عمل کو امیدواروں کیلئے سہل بنانے اور غیر جانبدار رکھنے کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کررہا ہے اور اِس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خواتین اور معذور افراد پر ہمیشہ خاص توجہ دی ہے۔

خواتین ووٹرز کی تعداد بڑھانے کیلئے الیکشن کمیشن نے ضلعی ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی بنائی گئی ہیں، جو ہر ماہ اضلاع میں وقتا فوقتا ووٹرز آگاہی مہم کے سلسلے میں مختلف پروگرام کا انعقادکررہی ہے اور نادرا کے اشتراک سے صوبے بھرمیں MRVsپسماندہ علاقوں میں پہنچائی گئی ہیں جس سے خواتین ووٹرز کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ اِنہی کاوشوں کی بدولت پورے ملک میں سے خصوصا سندھ کے ضلع تھرپارکر میں عام انتخابات 2018 کے موقع پر سب سے زیادہ خواتین ووٹرز نے ووٹ ڈالے۔

الیکشن کمیشن خواتین کی اہمیت کو جانتے ہوئے ووٹنگ کے عمل میں ان کی شمولیت بڑھانے کیلئے قانون سازی کے ساتھ ساتھ عملی اقدامات بھی کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام الناس میں ووٹ کی اہمیت زیادہ سے زیادہ اجاگر کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ کسی بھی ملک کی ترقی کا دارو مدار صاف و شفاف الیکشن پر مبنی ہے۔ لہذا اِس قومی فریضے میں ہر شخص کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔

مرکزی تقریب کے اختتام پر محمد جاوید خان صوبائی الیکشن کمشنر سندھ نے شریک مہمانان گرامی سے کہا کہ آج کے دن ہم سب نے یہ عہد کرنا ہے کہ ووٹ ایک مقدس قومی فریضہ اور ہماری ذمہ داری ہے۔ اِس قومی فرض کی ادائیگی کے بغیر ہم بحیثیت قوم ترقی کی تیز رفتار منازل طے کرنے سے قاصر رہیں گے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی یہ خواہش اور کوشش ہے کہ ووٹر کے اندراج سے لیکر ووٹ کاسٹ کرنے تک تمام امور میں شراکت کو بڑھایا جائے اور ہر صورت ووٹ کاسٹ کرنے کی شرح کو معقول حد تک لایا جائے، پولنگ اسٹیشنز کی تعداد بڑھانے، ٹیکنالوجی کے استعمال اور خواتین کے ووٹ کاسٹ کرنے کی حوصلہ افزائی کیلئے خاص طور پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔

اِس سلسلے میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد ووٹرز کے اندراج سے لیکر ووٹ ڈالنے کے عمل میں شرکت کو بڑھانے کیلئے سب کا تعاون درکار ہے۔ ہمیں گھر گھر اِس آواز کو پہنچانا ہے کہ ووٹ کی طاقت کو استعمال کرنا ہے۔تقریب کا اختتام قومی ترانے اور واک کے ساتھ کیا گیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں