سیسی صنعتی ورکرز کی آن لائن رجسٹریشن کے لیے سائٹ ایسوسی ایشن میں ہیلپ ڈیسک قائم کرے گا

صنعتی ورکرز کو صحت عامہ ودیگر سہولتوں کی فراہمی کے لیے اسمارٹ کارڈ جاری کیے جائیں گے، وائس کمشنر سیسی

جمعہ 6 دسمبر 2019 23:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2019ء) سندھ ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن ( سیسی ) صنعتکاروں کو آن لائن رجسٹریشن کی سہولت فراہم کرنے کے لیے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری میں ہیلپ ڈیسک قائم کرے گی۔ کسی بھی نئے کاروبار کے آغاز پر ویب سائٹwww.business.sindh.gov.pk پر لاگ آن کرکے اپنی کمپنی کوباآسانی رجسٹر کروایا جاسکتا ہے جس کی تمام معلومات متعلقہ محکموں کو خودکار نظام کے تحت فراہم کردی جائے گی جن میں محکمہ لیبر اور خدمات فراہم کرنے والی کمپنیاں و دیگر شامل ہیں۔

یہ بات سیسی کے وائس کمشنر آصف میمن نے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری میں ’’ آن لائن بزنس رجسٹریشن‘‘ پر دی گئی پریزینٹیشن کے موقع پر کہی۔اس موقع پر سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر سلیمان چاؤلہ،سینئر نائب صدر سلیم ناگریا، نائب صدر فرحان اشرفی ،ممبران کے علاوہ سیسی کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

آصف میمن نے کہاکہ کمپنی کو رجسٹرکروانے کے بعد نیا کاروبار کرنے والوں کو علیحدہ سے متعلقہ محکموں سے رابطہ کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی کیونکہ متعلقہ محکمے خودکار نظام کے تحت معلومات حاصل کرکے نئے کاروبار کرنے والے افراد سے ازخود رابطہ کریں گے جو کاروبار کرنے کو آسان بنانے کی کوششوں کا ایک حصہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ وہ تمام صنعتیں جن کی تفصیلات سیسی کے پاس پہلے ہی موجود ہیں انہیں آن لائن رجسٹریشن کے لیے صرف ایک فارم بھرنا ہوگا۔سیسی حکام سسٹم میں معلومات کا اندراج کرکے رجسٹرڈ افراد کو تصدیقی سند جاری کریں گے اور ان سے سیسی کے ساتھ رجسٹرڈ ان کے ملازمین کی تفصیلات حاصل فراہم کرنے کاکہا جائے گا۔وائس کمشنرنے سائٹ ایسوسی ایشن کے ممبران کو آگاہ کیا کہ آن لائن رجسٹریشن کی حتمی تاریخ 31دسمبر2019مقرر ہے۔

رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد صنعتی ملازمین کو نادار سے منسلک اسمارٹ کارڈ جاری کیا جائے گا جس کے ذریعے ورکرز صحت عامہ و دیگر سہولتوں سے مستفید ہوسکیں گے۔سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر سلیمان چاؤلہ نے اس موقع پر کئی سوالات اٹھائے جس کے سیسی کے وائس چیئرمین نے تسلی بخش جواب دیے۔سلیمان چاؤلہ کی تجویز پر وائس کمشنر نے آن لائن رجسٹریشن کی گائیڈ لائن کی تفصیلات فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی جو سائٹ ایسوسی ایشن کے ممبران کو آگاہی کے لیے ارسال کی جائے گی۔

سائٹ ایسوسی ایشن کی ای اوبی آئی،سیسی،لیبر ودیگر محصولات کی سب کمیٹی کے چیئرمین علی احمد نے وائس کمشنر کی توجہ ممبران کو درپیش لیبر سے متعلق مسائل کی جانب مبذول کرواتے ہوئے کہاکہ کم سے کم شراکت1,050روپے ہے جو 17,500کی کم سے کم اجرت کا 6فیصد ہے جبکہ زیادہ اجرت کی حد22,500روپے ہے۔کوئی بھی ملازم جو زیادہ اجرت کی حد عبور کرتا ہے تو اس کی شراکت بھی اسی تناسب سے ہوتی ہے جبکہ نئی 22,500 روپے کی نئی بھرتی پر سیسی کے ساتھ رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہوگی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں