واٹربورڈ اپنے صارفین کوواٹربورڈ کے بلوں اور واجبات کی ادائیگی کیلئے سہولیات بہم پہنچا رہا ہے ،ایم ڈی واٹربورڈ

کراچی کے کونے کونے تک لائنوں کے ذریعہ پانی کی فراہمی کیلئے تمام تروسائل بروئے کار لائے جاتے ہیں جبکہ سیوریج کے نظام کی بہتری کیلئے واٹربورڈ شبانہ روز کام کررہا ہے ،اسداللہ خان

بدھ 11 دسمبر 2019 23:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2019ء) ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان نے کہا ہے کہ واٹربورڈ اپنے صارفین کوواٹربورڈ کے بلوں اور واجبات کی ادائیگی کیلئے سہولیات بہم پہنچا رہا ہے ، کراچی کے کونے کونے تک لائنوں کے ذریعہ پانی کی فراہمی کیلئے تمام تروسائل بروئے کار لائے جاتے ہیں جبکہ سیوریج کے نظام کی بہتری کیلئے واٹربورڈ شبانہ روز کام کررہا ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے رکن سندھ اسمبلی ربستان خان کی قیادت میں ملاقات کیلئے آنے والے وفد کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اجلاس میں معمار ہاؤسنگ سروسز کے چیئرمین عبدالرشید واٹربورڈ کے چیف انجینئر بلک ظفر پلیجو ، سپرنٹنڈنگ انجینئر سکندر علی زرداری ،محمدریاض، آصف قادری ،علی احمد درانی سمیت دیگر افسران وانجینئر ز موجود تھے ، ایم ڈی واٹربورڈ کہا کہ واٹربورڈ شہر کراچی کو پانی اور نکاسی آب کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے سندھ حکومت خصوصا وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیربلدیات سید ناصر حسین شاہ کی رہنمائی اور بھرپور تعاون سے برسرپیکار ہے ، واٹربورڈکے بیڑے میں جدید سکشن اورجیٹنگ مشینوں کے اضافہ سے سیوریج کے مسائل کے حل میں بہت مدد ملے گی ، واٹربورڈشہر کی طلب سے کہیں کم دستیاب پانی کی شہریوںکو منصفانہ تقسیم یقینی بنائے ہوئے ،تاہم اس ضمن میں واٹربورڈ کو منتخب نمائندگان خصوصاً شہریوں کا تعاون درکار ہے ، اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی ربستان خان نے اپنے حلقہ انتخابات خصوصاًگلشن معمار کے مکینوں کو درپیش فراہمی ونکاسی آب کے مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے فوری خاتمہ کامطالبہ کیا،ایم ڈی واٹربورڈ نے پیش کردہ مسائل کے فوری حل کیلئے واٹربورڈ کے افسران کو فوری احکامات جار ی کردیئے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں