جموںو کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام آرٹس کونسل کے تعاون سے مقبوضہ کشمیر مکمل لاک ڈائون اور قومی ذمہ داریاں- کے عنوان سے اہم سیمینار کا انعقاد

منگل 21 جنوری 2020 00:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2020ء) جموںو کشمیر لبریشن سیل (کشمیرسینٹر کراچی) کے زیر اہتمام آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے تعاون سے آرٹس کونسل میں مقبوضہ کشمیر مکمل لاک ڈائون اور قومی ذمہ داریاں- کے عنوان سے ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیاگیا جسمیں کراچی میں مقیم کشمیر کمیونٹی کے نمائندگان اور تمام مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سیمینار سے سردار یاسین آزاد سابق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن پاکستان، منصورقادر ڈار سیکرٹری جموںوکشمیر لبریشن سیل آزاد حکومت ریاست جموںو کشمیر ، بشیر سدوزئی معروف مصنف و دانشور، سردار ساجد محمود ڈائریکٹر ریسرچ ونگ جموںوکشمیر لبریشن سیل، سردار شیراز خان صدر پی ایم ایل (این) آزاد کشمیر سندھ زون، سردار فیصل خان صدر پی پی پی آزاد کشمیر سندھ زون، سردار نزاکت ترجمان میڈیا سیل بلاول ہائوس ، سکندر حیات مغل، سردار عبد الحمید امیرجماعت اسلامی آزاد کشمیر سندھ زون، قاری اسمعیلٰ اور خواجہ محمد عبد اللہ ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام حق خودارادیت کی جدو جہد کی پاداش میں بھارتی مظالم کا شکا ر ہیں اور حق خودارادیت کے حصول اور بھارت کے غاصبانہ قبضہ سے چھٹکارا حاصل کئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت کو اعتماد میں لے کر مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ٹھوس حکمت عملی مرتب کرے تاکہ عملی اقدامات سے مقبوضہ کشمیر و آزاد کشمیر کے عوام میں پائی جانے والی بے چینی اور بدگمانی کا خاتمہ ممکن ہو۔

مقررین نے کہا کہ بھارت نے 05اگست 2019ء سے کشمیری عوام کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے اور مسلسل کرفیو کے نفاذ سے انسانی اقدا ر کر بری طرح پامال کیا جا رہا ہے۔ حریت قیادت اور بے گناہ نوجوانوں کو قید کرتے ہوئے ٹارچر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ لاتعداد افراد کو گن پوائنٹ پر اکٹھا کر کے غائب کر دیا گیا ہے تاکہ خوف وہراس کی فضا کو برقرار رکھا جائے اور حق خودارادیت کی آواز کو دبایا جائے۔

مقررین نے کہا کہ ان تمام تر حربوں اور بھارت کے اوچھے ہتکھنڈوں کے باوجود غیور کشمیری عوام نے اپنی جدوجہد کو جاری رکھا ہوا ہے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں اور ہم ان کے حوصلوں اور صبر و استقامت سے حق خود ارادیت کی جد وجہد پر سلام پیش کرتے ہیں۔ تاہم اس سارے عرصہ میں بین الاقوامی برادری بالخصوص عالمی طاقتوں اور امن کے دعویداروں کا جانبدارانہ کردار اور دہرا معیار قابل مذمت اور لمحہ فکریہ ہے۔ سیمینار کے اختتام پر سات نکاتی مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں