حکومتی نا اہلی اور ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے عوام دو وقت کی روٹی سے بھی محروم ہو گئے ہیں،محمد اسحاق خان

جمعرات 23 جنوری 2020 00:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2020ء) امیر جماعت اسلامی ضلع غربی محمد اسحاق خا ن نے اشیاء صرف کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی نا اہلی بد انتظامی اور ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے عوام دو وقت کی روٹی سے بھی محروم ہو گئے ہیں۔آٹا،چینی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی کمر توڑکر رکھ دی ہے۔

روٹی کی قیمت آسمان سے باتیں کررہی ہے۔آٹے کی قیمت میں یک دم اضافے اور بحرانی صورت حال سے عوام شدید اذیت سے دوچار ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت بھی گزشتہ حکومتوں کا ہی تسلسل ثابت ہوئی ہے۔حکومت کی جانب سے چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کی وجہ سے منافع خوروں کی چاندنی ہو گئی ہے جبکہ عوام مہنگے دامو ں اشیائے صرف خریدنے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

ملک میں مہنگائی کے طوفان کے خاتمے کے لئے حکومت کی جانب سے بیانات اور فوٹو سیشن کے علاوہ اب تک کوئی عملی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں۔اگر حکومت کی جانب سے مجرمانہ غفلت اور لا پرواہی کے رویے کو ترک نہیں کیا گیا تو جماعت اسلامی شدید احتجاج کریگی۔محمد اسحاق خان نے مزید کہا کہ حکومت نے ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کردیا ہے۔آئی ایم ایف کی غلامانہ پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت زبوں حالی کا شکار ہے۔نا اہل اور نا تجربہ کار معاشی ٹیم نے ملک کو تباہی کے دہانے تک پہنچا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سودی نظام کی موجودگی میں ملکی معیشت کبھی بھی ترقی نہیں کرسکتی۔اسلامی نظام ہی ملکی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں