؁پی ٹی آئی کی حکومت میں جو حق اورسچ کی بات کرے گا وہ گھر جائے گا یا تو انتقام کا نشانہ بنایا جائے گا،رہنما پیپلزپارٹی سندھ

اتوار 26 جنوری 2020 22:00

* کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جنوری2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی، ضلع شرقی کے صدر اقبال ساند، قائم مقام جنرل سیکریٹری لالا عبدالرحیم اور سیکریٹری اطلاعات وقاص شوکت نے پی ٹی آئی کی خیبر پختوانخواہ حکومت میں اکھاڑ پچھاڑ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں جو حق اورسچ کی بات کرے گا وہ گھر جائے گا یا تو انتقام کا نشانہ بنایا جائے گا‘ کیونکہ سچائی کا دعوے کرنے والوں کو سچائی سننے اور بولنے کی عادت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ حکومت اس کی زندہ مثال ہے کہ کرپشن کی نشاندہی کرنے والوں کیخلاف ادارے اور حکومت سو رہی ہے جبکہ پی ٹی آئی خود کرپشن کی پشت پناہی اور اپنے ہی لوگوں کو خاموش کروا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کو اپنی جماعت اور اتحادیوں کے سوا پوری قوم چور اور ڈاکو نظر آتی ہے‘پی ٹی آئی خود تو اپنی نالائقوں کے سبب ختم ہوتی جارہی ہے مگران کی گھٹیاں پالیسیوں کے سبب ملک اور عوام تباہی کے نہج پر پہنچتے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مدینے کی ریاست میں مہنگائی ،ذخیرہ اندوزوں کیخلاف ایکشن ہونے کے بجائے ان کو مزید شاباشی دی جارہی ہے اور وزرا کے کاموں پر جواب طلبی کے بجائے انہیں عوام کا خون چوسنے کیلئے چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اس سلیکٹڈ حکومت کو جان چکی ہے کہ باتیں بنانے سے نہ ملک ترقی کرسکتا ہے نہ عوام کا بھلاہوسکتا ہے۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں