کراچی ، پراسرار زہریلی گیس اخراج واقعہ میں دم گھٹنے سے دو خواتین سمیت چار افراد جاں بحق ، 22 افراد بے ہوش ہو گئے

پیر 17 فروری 2020 01:10

کراچی ، پراسرار زہریلی گیس اخراج واقعہ میں دم گھٹنے سے دو خواتین سمیت چار افراد جاں بحق ، 22 افراد بے ہوش ہو گئے
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) کراچی کے علاقے کیماڑی میں پراسرار زہریلی گیس اخراج کے واقعہ میں دم گھٹنے سے دو خواتین سمیت چار افراد جاں بحق اور 22 افراد بے ہوش ہو گئے۔ اتوار کو رات گئے میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے کے باعث دو خواتین سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 22 افراد بے ہوش ہیں۔

ترجمان کے پی ٹی نے بتایا ہے کہ تمام متاثرہ افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورٹ پر کیمیکل کی لیکیج کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، پورٹ پر پیٹرولیم یا کیمیکل جہاز لگنے پر احتیاطی تدابیر اختیار کی جاتی ہیں۔ مشیر پورٹ اینڈ شپنگ نے کہا کہ پورٹ کے علاقے میں ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، افسوس ناک واقعہ رہائشی علاقے میں ہوا ہے، ہو سکتا ہے کہ رہائشی علاقے میں کسی نے کیمیکل رکھا ہو۔

(جاری ہے)

نجی ہسپتال کے ترجمان ڈاکٹر فہیم کے مطابق متاثرہ افراد کو سانس میں دشواری اور پیٹ میں درد کے باعث لایا گیا ہے، متاثرہ افراد کیماڑی اور متصل علاقوں کے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، تمام افراد کو طبی امداد دی جا رہی ہے، آنے والے مریضوں کا کہنا ہے کہ وہ زہریلی گیس سے متاثر ہوئے ہیں تاہم فوری طور پر نہیں کہا جا سکتا کہ مریض کس گیس سے متاثر ہوئے ہیں۔

ایس ایس پی سٹی نے بتایا کہ کیماڑی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز کا سرچ آپریشن جاری ہے، پورٹ کے اندر بھی آپریشن کیا گیا ہے تاہم پورٹ کو کلیئر کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس لیکیج ہے یا کیمیکل ابھی تک تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کے پی ٹی حکام کو تحقیقات کی ہدایت کر دی ہے۔ انہوں نے متاثرین کا علاج کے پی ٹی ہسپتال میں کرانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ذمہ داروں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں