ؑکراچی،ہارٹی کلچرل سوسائٹی آف پاکستان کے زیر اہتمام 69واں 4روزہ فلاور شو 20فروری کو ہوگا

پیر 17 فروری 2020 23:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2020ء) ہارٹی کلچرل سوسائٹی آف پاکستان کے زیر اہتمام 69واں 4روزہ فلاور شو 20فروری کو اے کے خان پارک سی ویو پر ہوگا، فلاور شو کا افتتاح صدر پاکستان عارف علوی کریں گے، کرکٹ کے شائقین کیلئے فلاور شو میں بڑی اسکرینز لگائی جائیں گی، ان خیالات کا اظہار ہارٹی کلچرل سوسائٹی آف پاکستان کے چیئرمین فہیم صدیقی، صدر آرٹس کونسل محمداحمدشاہ اور عہدیداروں نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی احمدشاہ بلڈنگ میں منعقدہ پریس کانفرنس سے کیا۔

انہوں نے کہاکہ یہ فلاور شو پاکستان کا سب سے اچھا شو ہوگا، کراچی ماحولیات کے حوالے سے خطرے ناک شہر بن چکا لہٰذا کراچی کو سرسبز کرنے اور پھولوں، پودوںاور درختوں کے اضافے کے لئے ہارٹی کلچرل سوسائٹی آف پاکستان کی مہم میں کروڑوں لوگوں کو شامل ہونا ہو گا، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ پوری دنیا میں ماحولیاتی آلودگی کا مسئلہ درپیش ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان اس سے بہت زیادہ متاثر ہے ہمیں اس سلسلے میں اجتماعی کوشش کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ آرٹ اورفن کا ماحول پھولوں اور پودوں سے منسلک ہے۔ آرٹس کونسل کراچی میں بھی ہریالی، پودوں اور پھولوں پر بہت توجہ ہے۔ قدسہ اکبر نے کہا کہ قیامِ پاکستان کے فوری بعد اے کے خان نے یہ محسوس کیا کہ یہ بڑا شہر بنے گا، عمارتیں کھڑی ہوں گی، ہریالی کم ہو جائے گی۔

انہوں نے 1948 میں ہارٹی کلچرل سوسائٹی آف پاکستان قائم کی اس کے بعد تسلسل سے ہم پھولوں اور پودوں پر کام کر رہے ہیں، آج کراچی آلودگی میں چوتھے نمبر پر ہے، آج بہت زیادہ ضرورت ہے کہ ہر شہری درخت پودے لگائے تاکہ صحت مند ماحول ہمیں میسر آسکے۔HSP کی وائس چیئرپرسن نوشبہ خلیل نے کہاکہ فلاور شو میں انواع و اقسام کے پودے، پھول اور باغبانی کے دلچسپ طریقوں کے منفرد سازو سامان ہوں گے، سجاوٹ کے مختلف طریقے دیکھنے کو ملیں گے۔

کموڈور مرزا اشفاق بیگ نے کہاکہ کراچی وہ بدقسمت شہر ہے جہاں آلودگی تمام حدیں پار کرگئی ہے ہمیں اپنے ضمیر کو جھنجوڑنے کی ضرورت ہے تاکہ آنے والی نسلیں ماحول کو آلودہ ہونے سے بچاسکیں، حامد خاورنے کہاکہ ہمیں زیادہ سے زیادہ پودے اور درخت لگانے کی ضرورت ہے تاکہ ہم ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رہیں۔فلاور شور 23 فروری تک جاری رہے گا۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں