اُردو زبان بولنے والے مہاجروں نے پاکستان بنایا: ڈاکٹر سلیم حیدر

بانی پاکستان نے اُردو کو قومی زبان قرار دیا اس کے باوجود علاقائی زبانوں کو مسلط کیا جارہا ہے، چیئرمین مہاجراتحاد تحریک

اتوار 23 فروری 2020 18:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2020ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ اُردو زبان کی تاریخ اور ماضی انتہائی شاندار ہے ۔ اس زبان کے فروغ کیلئے مہاجروں نے بڑے پیمانے پر قربانیاں دی ہیں اور اس زبان کی عبارت قربانیوں سے مزین ہے۔ وہ زبانوں کے بین الاقوامی دن کے حوالے سے فروغ اُردو تحریک کے رہنماؤں کے ایک وفد سے بات چیت کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی زبانوں کی تاریخ لکھی جائے گی تو اس میں اُردو زبان صف اول پر ہوگی کیونکہ شاعری سے لے کر تحریر و تقریر تک اُردو زبان کا ماضی، حال او رمستقبل تابناک ہے۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے پاکستان میں علاقائی زبانوں کو پروان چڑھانے کیلئے سرکاری سطح پر فنڈز مختص کئے جارہے ہیں جبکہ اُردو زبان جسے قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان کی قومی زبان قرار دیا تھا اور کچھ عرصے قبل ہی سپریم کورٹ آف پاکستان نے واضح طورپر احکامات جاری کئے تھے کہ اُردو زبان کو سرکاری سطح پر رائج کیا جائے اس کے باوجود سندھ میں ایف آئی آر سے لے کر دفتری سطح تک علاقائی سندھی زبان رائج ہے ۔

(جاری ہے)

اسکول، کالجوں میں یونیورسٹیوں میں بھی زبردستی علاقائی زبان پڑوائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے قیام میں اُردو زبان کا ناقابل فراموش کردار ہے کیونکہ اُردو بولنے والے مہاجر ہی پاکستان کے خالق او ربانی ہیں جنہوں نے لاکھوں جانوں کے نذرانے دے کر اس وطن کو حاصل کیا لیکن قیام پاکستان سے لے کر اب تک اُردو زبان اور اُردو بولنے والے مہاجروں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں