آرٹس کونسل کراچی میں یوتھ کمیٹی کے زیرِ اہتمام ’’معروف شاعرہ ثبین سیف کے نام ایک شام ‘‘

اتوار 23 فروری 2020 18:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2020ء) مرد اگر چاہے تو اپنے کردار سے خواتین کو ان کا مقام دلوا سکتا ہے، ثبین سیف کی شاعری میں وہ تمام جذبات موجود ہیں جو انہوں نے زندگی کے مختلف رشتوں میں رہتے ہوئے محسوس کیے۔ ان خیالات کا اظہارصوبائی وزیر برائے ترقی ونسوا ںاور سابقہ ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں یوتھ کمیٹی کے زیر اہتمام معروف شاعرہ ثبین سیف کے اعزازمیں رکھی گئی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ ثبین سیف کی شاعری ان کے خیال اور احساسات کی عکاسی ہے، معروف مصنف ومزاح نگار انور مقصود نے کہاکہ اچھی غزل لکھنا دنیا کا مشکل ترین کام ہے، ثبین بہترین شاعرہ ہیں وہ جو کچھ اپنے بارے میں کہنا چاہتی ہیں کہہ دیتی ہیں۔

(جاری ہے)

ان کی غزل ’’مجھے تنہاہی میں رہنے دو‘‘ بہترین تخلیق ہے۔ بڑے ادیبوں اور شاعروں نے ان کے کام کو سراہا جو نہایت خوش آئند بات ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی نے کہاکہ اس تقریب میں موجود تمام لوگ ثبین سے جذباتی وابستگی رکھتے ہیں یہ جتنی اچھی شاعرہ ہیں اس سے بھی زیادہ اچھی خاتونِ خانہ ہیں، ان کا گھر اس افراتفریح کے دور میں خوشحالی کی مثال ہے۔ میں ان کا پیش رو ہوں، میں جانتا ہوں کہ ان کی شاعری کس طرح پروان چڑھی، یہ ایک سچی اور اچھی شاعرہ ہیں۔ شاعرہ ثبین سیف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آج تک کوئی جذبہ میری ممتا کے جذبے پر حاوی نہیں ہوسکا اور یہی میری طاقت ہے۔

میں خواتین کی حمایت میں لکھتی ہوں، میں نے درد اور جذبات کو شاعری کی زبانی لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کی۔ آج میں سب کی محبتوں کی شکرگزار ہوں جنہوں نے قدم قدم پر میری حوصلہ افزائی کی۔ تقریب میں ضیاء اعوان، سیف اللہ سمیت ثبین یوسف کے دیگر چاہنے والوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور انہیں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ تقریب میں ثبین سیف نے اپنے مشہور اشعار حاضرینِ محفل کی نذر کیے جبکہ نظامت کے فرائض چیئرپرسن یوتھ کمیٹی ہما میر نے انجام دیئے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں