سودی نظام معیشت اور کرپٹ قیادت کرونا وائرس سے بھی خطرناک ہے،جماعت اسلامی سندھ

تبدیلی کے دعویدار حکومت کی بدانتظامی اور بے انتہائی مہنگائی نے ملک اور قوم کی کمر توڑ کر رکھ دی، مہنگائی،کرپشن اور بدانتظامی سمیت تمام مسائل کا واحد حل اسلامی نظام اور دیانتدار قیادت میں ہے،محمد حسین محنتی

پیر 24 فروری 2020 23:38

کراچی/سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2020ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سودی نظام معیشت اور کرپٹ قیادت کرونا وائرس سے بھی زیادہ خطرناک ہے، کسی غریب کے پاس رہنے کیلئے گھر اور کھانے کیلئے روٹی نہیں تو وہ بھینس کا کیا کریں گے،افغان امن عارضی سہی لیکن خطے کے امن کیلئے اچھی اور مثبت پیش رفت ہے،جس کا دارومدار دونوں فریقین کی سنجیدگی پر ہے، جماعت اسلامی ’’مارگئی مہنگائی‘‘ کے سلوگن کے تحت ملک بھر میں مہنگائی کیخلاف تحریک چلارہی ہے، جس کے تحت احتجاجی مظاہرے، سیمیناراور جلسے جلوس نکالے جارہے ہیں۔

جماعت اسلامی اقامت دین کی عالمگیر تحریک ہے جو اصلاح معاشرہ ،دیانتدار قیادت اورکرپشن کے خلاف اپنی تحریک جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

ذمہ داران رضائے الہٰی کے حصول کی خاطرمنصوبہ پرعمل درآمد کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہران مرکز سکھر میں جماعت اسلامی سندھ کے تحت بالائی سندھ کے امرائے اضلاع کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا،جس میں لاڑکانہ اور سکھر ڈویزن کے ضلعی امراء اور دیگر عہدیداران بھی شریک تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تبدیلی کے دعویدار حکومت کی بدانتظامی اور کمرتوڑ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے،گھر، نوکریاں اور روزگار دینے کے وعدے پورے کرنے کی بجائے ،بجلی،گیس، پیٹرولیم مصنوعات،آٹے ،چینی اور ادویات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے سے عام آدمی کا جینا مشکل ہوچکا ہے، مہنگائی پر کنٹرول ،گیس،بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کرکے پی ٹی آئی عوام سے الیکشن مہم کے دوران کئے گئے وعدوں کی تکمیل کرے۔

جماعت اسلامی کے صوبائی امیر نے کہا کہ مہنگائی،کرپشن اور بدانتظامی سمیت تمام مسائل کا واحد حل اسلامی نظام اور دیانتدار قیادت میں ہے، آئی ایم ایف کے تنخواہ دار ملازمین سے معیشت کی بحالی اور قوم کی بھتری کی امید کرنا خود کو دھوکا دینے کے سوا کچھ نہیں ہے۔ اجلاس میں مہنگائی کیخلاف جماعت اسلامی کی تحریک کے اگلے مرحلے کی منصوبہ بندی،سہ ماہی کارکردگی رپورٹ کا جائزہ اور بلدیاتی الیکشن سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ،نائب امراء ممتاز حسین سہتو، پروفیسر نظام الدین میمن، حافظ نصراللہ عزیز،نائب قیم ،عبدالحفیظ بجارانی اورسکھر کے امیرضلع مولانا حزب اللہ جکھرو سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں