ذ*ڈاکٹر رضوان سندھ حکومت کیخلاف سازشی کا کردار ادا کررہے ہیں،امتیاز شیخ

۔ایس ایس پی شکار پور کی جانب سے میرے حلقے کے بے گناہ لوگوں کیخلاف انتقامی کارروائیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں،وزیرتوانائی سندھ

بدھ 26 فروری 2020 21:31

) کراچی(آن لائن)وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے ایس ایس پی شکار پور ڈاکٹر رضوان کی جانب سے آئی جی سندھ کو لکھے گئے مبینہ خط کو بے بنیاد اور بہتان پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر رضوان اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کے بجائے سندھ حکومت کے خلاف سازشی کا کردار ادا کررہے ہیں۔ایس ایس پی شکار پور کی جانب سے میرے حلقے شکار پور کے بے گناہ لوگوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔

گذشتہ روز ہی میرے حلقے شکار پور شہر کے ایک غریب ریڑھی بان ممتاز شیخ کو جھوٹے الزام میں گرفتار کر کے ماورائے عدالت قتل کردیا گیا جس کے خلاف علاقے کے عوام سراپا احتجاج ہیں اور ایس ایس پی شکار پور کی برطرفی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ممتاز شیخ کے ماورائے عدالت قتل سے چند روز قبل ایک اور شہری محمد حسین تیغانی کو گرفتار کرکے اس کی ٹانگ میں گولی مار کر اپاہج کردیا گیا۔

(جاری ہے)

امتیاز شیخ نے کہا کہ ایس ایس پی شکار پور کے متواتر عوام دشمن اقدامات کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کمشنر لاڑکانہ ڈویڑن کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔انکوائری کمیٹی سے خوفزدہ ہو کر ڈاکٹر رضوان براہ راست سندھ حکومت اور وزرائ کے خلاف بہتان تراشی پر اتر آیا ہے۔ امتیاز شیخ نے مطالبہ کیا ہے کہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ آنے تک ڈاکٹر رضوان کو ان کے عہدے سے سبکدوش کیا جائے تاکہ یہ انکوائری کمیٹی میں پیش ہونے والے گواہوں پر کسی طور اثر انداز نہ ہوسکے اور نا ہی گواہوں کو خوفزدہ کرسکے۔

امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ سندھ حکومت کے خلاف سازش کا کردار ادا کر نے والے ایس ایس پی کو پی ٹی آئی شکار پور کے ایک مقامی اور عوام کے مسترد کردہ منشیات کے عادی عہدیدار کی بھی حمایت حاصل ہے جو اس بات کا مظہر ہے کہ سندھ حکومت اور اس کے وزرائ کے خلاف سازشوں کا تانا بانا کہاں سے جاملتا ہے۔امتیاز شیخ نے کہا کہ آئی جی سندھ، ایس ایس پی شکار پور اور انگلیوں پر گنے جانے والے چند دیگر پولیس افسران ،سندھ حکومت کے خلاف سازشیں کرنے کے بجائے اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی پر توجہ دیں اور سندھ اور شکار پور میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال کو ٹھیک کرنے پر توجہ مرکوز کریں اور اگر وہ اپنے فرائض ادا نہیں کرسکتے تو استعفیٰ دے کر سیاست میں آجائیں۔

امتیاز شیخ نے چیف جسٹس آف پاکستان سے درخواست کی ہے کہ وہ ایس ایس پی شکار پور کی جانب سے بے گناہ افراد کے ماورائے عدالت قتل کا از خود نوٹس لیں۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں