رینجرز اور پولیس کی لائنزایریا، کورنگی، لیاقت آباد اور ناظم آباد میں کارروائی

افراد پر مشتمل دوران ڈکیتی مزاحمت پر قتل کرنے والے انتہائی مطلوب ڈکیت گروہ کو گرفتار کرلیا

جمعہ 28 فروری 2020 00:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2020ء) پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر لائنز ایریا، کورنگی، لیاقت آباد اور ناظم آباد کے علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 5 افراد پر مشتمل دوران ڈکیتی مزاحمت پر قتل کرنے والے انتہائی مطلوب ڈکیت گروہ کو گرفتار کرلیاجن میں کامران امجد، وقار علی عرف بنٹو، اسد عرف چھوٹا، شیراز عرف شیری اور عدنان عرف عدی شامل ہیں۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ گروہ کراچی کے مختلف علاقوں میں انتہائی منظم طریقے سے ڈکیتیوں کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے جن میں اسٹریٹ کرائم، گھروں اور دوکانوں میں ڈکیتیوں کے ساتھ ساتھ بینک یا منی چینجر سے رقم نکلوانے والے افراد کو لوٹنا بھی شامل ہے۔ملزمان کے قبضے سے 5 عدد پسٹل بھی بر آمد کیے گئے جنہیں وہ دوران ڈکیتی واردات میں استعمال کرتے تھے۔

(جاری ہے)

ملزمان دوران ڈکیتی مزاحمت پر قتل کی 4 وارداتوں میں بھی ملوث ہیں جس کی تفصیل درج ذیل ہے۔مورخہ 28 دسمبر 2018 کو ملزمان نے محمد عماد السلام کو جیکب لائن میں دوران ڈکیتی مزاحمت کر نے پر فائرنگ کر کے قتل کیا۔30 ستمبر 2019 کو ملزمان نے توفیق کو شاہراہ قائدین پر دوران ڈکیتی مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے قتل کیا۔ 19 نومبر 2019 کو محمد عمران کو جیکب لائن میں دوران ڈکیتی مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے قتل کیا۔

31 جنوری 2020 کو انعام علی کو سولجر بازار نمبر 3 میں اس کی بہن ڈاکٹر فرحین کے سامنے دوران ڈکیتی مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے قتل کیا۔ مقتول اور اس کی بہن منی چینجر سے رقم تبدیل کرواکر گھر واپس آرہے تھے۔ درج بالاملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی بر آمد کر لیا گیا ہے اور قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ،رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں