میئر کراچی 15 فیصد تنخواہ، پنشن میں اضافہ ادا کرکے کے ایم سی کو سیاسی اکھاڑہ بنانے سے بچائیں،سید ذوالفقار شاہ

جمعہ 28 فروری 2020 19:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2020ء) سجن یونین (سی بی ای) کے ایم سی کے مرکزی صدر سید ذوالفقار شاہ نے کہا ہے کہ میئر کراچی اور میٹروپولیٹن کمشنر کے ایم سی سر جوڑ کر بیٹھ کر کے ایم سی کے ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ شدہ تنخواہ اور پنشن کی ادائیگی کرکے کے ایم سی کو سیاسی اکھاڑہ بننے سے بچائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیکل ڈپارٹمنٹ کے ملازمین کے مختلف وفود سے اپنی رہائش گاہ پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے عباسی شہید اسپتال اور دیگر اسپتالوں کا عملہ روزانہ دو گھنٹے احتجاج کررہا ہے۔ اس احتجاج کی آڑ میں سیاسی رہنمائوں کی آمد سے صورتحال بگڑنے کا اندیشہ پیدا ہوگیا ہے۔ میئر کراچی اور میٹروپولیٹن کمشنر اور کے ایم سی کی کونسل قرارداد کے باوجود حکومت سندھ اضافی ادائیگیوں کیلئے گرانٹ میں اضافہ کرنے سے گریز کررہی ہے حد تو یہ ہے کہ کے ایم سی کے معاملات کو درست کرنے کیلئے حکومت سندھ سجن یونین کی آئینی درخواست میں دیئے گئے فیصلے کے تحت قائم کردہ اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کرنے سے بھی گریز کررہی ہے جو کہ توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میڈیکل کے پیشے سے وابستہ ملازمین سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر صرف اپنے جائز اور قانونی حقوق کیلئے جدوجہد کریں۔ اور سیاست سے دور رکھ کر پرامن احتجاج کریں جو کہ ان کا قانونی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ہر سطح پر سجن یونین نے جدوجہد کرکے کراچی کو اون کیا۔ آج کے ایم سی کو ماہوار 43 کروڑ اسپیشل گرانٹ، ڈی ایم سی سائوتھ کو 3 کروڑ 20 لاکھ اسپیشل گرانٹ، ماہوار پنشن کی بروقت ادائیگی کیلئے براہ راست کے ایم سی کو ماہوار 22 کروڑ 20 لاکھ پنشن کی ادائیگی کیلئے جاری کروائے۔

1880 سے زائد پنشنرز کو واجبات کی ادائیگی کیلئے مرحلے وار 2 ارب 55 لاکھ کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ پراپرٹیٹیکس شیئر کو ہر ماہ کی 20 تاریخ اور OZT شیئر کو ہر ماہ کو 5 تاریخ تک ادائیگی کے سندھ ہائی کورٹ میں SOP بنوائی جس سے کافی حد تک تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے ساتھ اس میں باقاعدگی لائی گئی۔ موجودہ حکومت کے پیش کردہ بجٹ میں یکم جولائی 2019 سے 15 فیصد تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے ساتھ اس میں باقاعدگی لائی گئی۔

موجودہ حکومت کے پیش کردہ بجٹ میں یکم جولائی 2009 سے 15 فیصد تنخواہوں اور پنشن میں ادائیگی کیلئے اضافی فنڈز کی عدم ادائیگی اور اداروں کی اپنی آمدنی، ریونیو اور ریکوریز میں کمی کے باعث کے ایم سی، بلدیہ وسطی اور بلدیہ کورنگی نے تاحال 15 فیصد اضافہ ادا نہیں کیا۔ جس سے ملازمین اور پنشنرز سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔ مشترجہ جدوجہد کیلئے آج عباسی شہید اسپتال میں اہم اجلاس ہوگا جس میں سید ذوالفقار شاہ شرکت کریں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں