ریلوے کا نظام پاکستانی عوام کیلئے ڈرانا خواب بن چکا ہے ،کاشف شیخ

روہڑی حادثے کے ذمہ دار شیخ رشید فوری استعفیٰ دیں،جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ

ہفتہ 29 فروری 2020 15:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 فروری2020ء) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے روہڑی ٹرین حادثے میں بڑے پیمانے پر قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گھرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ رشید کے بطور وزیر ریلوے تقرری کے بعد ریل سروس پاکستانی عوام کا مقتل گاہ بن چکا ہے، آئے روز ریل کے خطرناک حادثات اور بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کے باوجود آج تک کسی نے ذمہ داری قبول کی نہ ہی کسی عدالتی کمیشن کے ذریعے ذمہ دارن کا تقرر کیا گیا،انہوں نے ہفتہ کو ایک بیان میں مزید کہا کہ اعلی عدلیہ کی جانب سے ریلوے کی وزارت کو سب سے بڑا کرپٹ ادارہ قرار دینے اور عوام کیلئے ٹرانسپورٹ کی سستی اور معیاری سروس کی بجائے موت کا کنواں ثابت ہونے والے ادارے میں بہتری کی بجائے معاملات مزید بگاڑ اور خرابی کا شکار ہوچکے ہیں، پی ٹی آئی حکومت قائم ہونے کے بعد ریلوے کا نظام مسلسل پستی اور عوام کی جان ومال کا تحفظ ایک خواب بن چکا ہے، گذشتہ سال لیاقت پور میں تیز گام ایکسپریس میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں 80سے زائد افراد کی ہلاکت کے ذمہ داران کو آج تک سزا نہیں ہوسکی نہ ہی متاثرہ خاندانوں کیلئے اعلان کردہ مالی معاونت مل سکی ہے۔

(جاری ہے)

شیخ رشید یوں تو ہر معاملے میں سیاسی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہیں لیکن اپنی وزارت میں ہونے والی تباہی اور آئے روز بھیانک جان لیوا حادثات کے ذمہ داروں کا تعین اور ٹرین حادثات پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔ صرف عمران خان کی خوشامد اور قرب حاصل کرنے کیلئے مخالفین پر تنقید اور ان کی عیب جوئی کی بجائے شیخ رشید کو وزارت ریلوے پر مکمل توجہ دینی چاہئے ،تمام ریل حادثات اور بڑے پیمانے پر قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر موصوف کو مستفی ہونا چاہئے تاکہ حادثات کے ذمہ داران کیخلاف کاروائی میں کوئی دقت پیش نہ ہو۔

افسو س کی بات ہے کہ پاکستان نے ایٹم بم تو بنالیا لیکن ریل کی پٹڑیوں پر پھاٹک بناسکے ہیں نہ ہی سڑکوں کی خستہ حالی کا خاتمہ ہوسکا ہے جس کی وجہ سے آئے روز درجنوں انسان موت کے آغوش میں چلے جاتے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر جاںبحق افراد کے خاندانوں کیلئے مالی معاونت کے پیکیج کا اعلان اور زخمیوں کا سرکاری خرچ پر بہترین علاج ممکن بنایا جائے، حادثے کے ذمہ داران کے تعین کیلئے ایک اعلی سطحی عدالتی کمیشن کا اعلان کیا جائے تاکہ نااہلی اور لاپرواہی کے ذمہ داران کو عدالتی کٹھڑے میں لاکر عبرت ناک سزا دی جائے۔ صوبائی رہنمانے حادثے میں جاںبحق ہونے والے افراد کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے بھی دعا کی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں