وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے تقریباً12 سو ارب روپے کے معاشی پیکج کا اعلان خوش آئند ہے۔محمد حنیف گوہر

جمعرات 26 مارچ 2020 17:22

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد ) کے سابق چیئرمین ، ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر اور یونائیٹڈ بزنس گروپ (یوبی جی ) کے رہنما محمد حنیف گوہر نے کورونا وائرس سے ملکی معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات کے پیشِ نظر وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے تقریباً12 سو ارب روپے کے معاشی پیکج کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اِس وقت ملکی معیشت شدید مشکلات کا شکار ہے اور حکومت خود آئی ایم ایف اور دیگر عالمی مالی اداروں کے قرضوں میں ڈوبی ہوئی ہے ، حکومت کو دو سالوں میں 5 ہزارارب روپے کی ادائیگیاںکرنی ہیں۔

ایسے سخت معاشی حالات میں اِس طرح کا معاشی پیکج دینا ملک اور عوام دوستی کا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

حنیف گوہر نے کہا کہ ایکسپورٹرز کو ایک سو ارب روپے کے ریفنڈ ز کی فوری ادائیگی کے اعلان سے ملکی معیشت کو سہارا ملے گا۔ حنیف گوہر نے بتایا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں عالمی منڈی میں رواں ماہ مارچ میں کم ہونا شروع ہوئی ہیں جس کا اثر پاکستان میں 45 روز بعد ہونا ہے تاہم وزیرِ اعظم عمران خان کے پیٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں 15 روپے کمی کے اعلان سے حکومتی خزانے پر 50 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

حنیف گوہر نے وزیرِ اعظم عمران خان ، وفاقی وصوبائی حکومتوں کو یقین دہانی کرائی کہ مشکل کی اِس گھڑی میں پاکستان کی بزنس کمیونٹی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ حنیف گوہر نے پاکستان کے عوام سے بھی اپیل کی کہ کوروناوائرس کی وباء سے بچنے کے لئے اپنے گھروں تک محدود رہ کر اِس بیماری کے خلاف جنگ میں حکومت کا ساتھ دیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں