کراچی میں لاک ڈاؤن کے باعث دودھ کی فی لیٹر قیمت 80 روپے پر آگئی

دودھ کو زیادہ دیر تک محفوظ نہیں رکھ سکتے ،جلد فروخت کے لیے قیمتیں کم کی گئی ہیں، دکانداروں کی گفتگو حکومت کے ہر فیصلے کا احترام کرتے ہیں اورحکومت سندھ کے ساتھ کھڑے ہیں ، کراچی ڈیری اینڈ کیٹل فارمز ایسوسی ایشن

اتوار 29 مارچ 2020 12:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2020ء) کراچی میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے دودھ کی فی لیٹر قیمت 110 سے 80 روپے پر آگئی۔کراچی میں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کا سلسلہ اتوار کو بھی جاری رہا ، شہر میں ہوٹل اور چائے خانے بند ہونے سے دودھ کی طلب و رسد میں بھی فرق آیا ہے۔دودھ کی فروخت میں کمی آنے سے نہ صرف دودھ منڈی میں قیمتوں میں کمی آئی ہے بلکہ شہر کی مختلف دکانوں پر بھی دودھ معمول سے کم قیمت پر فروخت ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

دکانداروں کا کہنا ہے کہ دودھ کو زیادہ دیر تک محفوظ نہیں رکھ سکتے اس لیے اس کی جلد فروخت کے لیے قیمتیں کم کی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق شہر کے بعض علاقوں میں دودھ 110 روپے فی لیٹر میں فروخت ہوتار ہا تو متعدد جگہوں پر 80 روپے اور کہیں اس سے بھی کم قیمت پر ملتا رہا دوسری جانب کراچی ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ وہ حکومت کے ہر فیصلے کا احترام کرتے ہیں اورحکومت سندھ کے ساتھ کھڑے ہیں تاہم کوئی بھی فیصلہ کرتے ہوئے ہمیں اعتماد میں لیا جائے تاکہ مسائل کا مقابلہ کرسکیں۔ڈیری فارمرز نے کہاکہ درست منصوبہ بندی کے بغیر فیصلوں سے دودھ کی قیمت میں آنے والے دنوں میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں