کورونابحران، علماء کرام و مدارس کے سربراہان حکومت سندھ کیساتھ تعاون کریں،قاسم نوید

علماء کرام، مذہبی سکالرز اور معاشرے کے دیگر افراد کورونا وائرس کے معاملے پر اپنے پیروکاروں میں سوشل میڈیا کے ذریعے آگاہی پیدا کریں،معاون خصوصی وزیراعلیٰ سندھ

بدھ 1 اپریل 2020 00:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مارچ2020ء) وزیر اعلٰی سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ سید قاسم نوید قمر نے علمائے کرام ، دینی اسکالرز اور مدارس کے سربراہوں سے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے معاملے پر حکومت سندھ کے ساتھ تعاون کریں کیونکہ حکومت سندھ نے مذہبی اجتماعات/ باجماعت نمازوں کی ادائیگی سے متعلق کچھ ہدایات جاری کی ہیں۔

یہ بات انہوں نے یہاں ڈپٹی کمشنر آفس ٹنڈو محمد خان میں علمائے کرام کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سید اسماعیل شاہ کرمی ، آصف علی قریشی عطاری ، سجاد علی ، محمد جمن سولنگی ، ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی اور ایس ایس پی عابد علی بلوچ بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے ائمہ مساجد سے درخواست کی کہ وہ متعلقہ مسجد کے عملے کے ساتھ ہی باجماعت نماز ادا کریں اور انہیں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کرنی چاہئے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر نے مزید کہا کہ جب تک معاشرے کے تمام طبقات حکومت کے ساتھ تعاون نہیں کرتے ہیں ، تب تک حکومت سندھ اکیلے کورونا وائرس کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔ ہمیں کورونا وائرس کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے علمائے کرام اور مذہبی سکالرز اور معاشرے کے دیگر اسٹیک ہولڈرز سے کہا کہ وہ کورونا وائرس کے معاملے پر اپنے پیروکاروں میں سوشل میڈیا کے ذریعے آگاہی پیدا کریں کہ انہیں سماجی روابط میں فاصلے رکھیں کیونکہ صرف احتیاط کے ذریعے ہی ہم کورونا وائرس کو شکست دے سکتے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں