کورونا وائرس سے مقابلہ نہیں بلکہ احتیاط ،توبہ واستغفار ورجوع الی اللہ کے ذریعے بچاجاسکتا ہے،محمد حسین محنتی

یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے انسانوں کیلئے ایک آزمائش وامتحان اورقدرتی آفت ہے اس کا مقابلہ نہیں کیاجاسکتا،جمعہ کی نماز پر پابندی مساجد پر تالے اور آئمہ مساجد پر مقدمات تشویش ناک بات ہے،امیر جماعت اسلامی سندھ

اتوار 5 اپریل 2020 16:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2020ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاکہ کورونا وائرس سے مقابلہ نہیں بلکہ احتیاط ، توبہ واستغفار ورجوع الی اللہ کے ذریعے بچاجاسکتا ہے، یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے انسانوں کیلئے ایک آزمائش وامتحان اورقدرتی آفت ہے اس کا مقابلہ نہیں کیاجاسکتا،جمعہ کی نماز پر پابندی مساجد پر تالے اور آئمہ مساجد پر مقدمات تشویش ناک بات ہے۔

دینی جماعتوں اورعلمائے کرام نے اس نازک موقعے پرحکومتی اقدامات پرعمل اورساتھ دیا ہے اس کے باوجود سندھ حکومت کا آمرانہ رویہ افسوس ناک وقابل مذمت عمل ہے۔ آٹاوچینی چور قیادت سے کسی خیر کی امید عبس ہے مگر اللہ کے ہاں دیر ہے مگر اندھیر نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم جے یو آئی کے رہنماء اور لیاری سے ایم ایم اے کے سابق امیدوار قومی اسمبلی مولانا نورالحق قادری کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کے دوران کیا، صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی ساتھ موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی امیر نے زوردیا کہ حکومت کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر دو ماہ کیلئے بجلی کے بلوں میں سے پہلے 300یونٹ کی معافی دی جائے، پیٹرول اور گیس پر چھ ماہ کیلئے سیلز ٹیکس ختم کیا جائے، روز مرہ کی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر کنٹرول کیلئے ٹھوس اقدامات اور خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کئے جائیں تاکہ غریب عووام کو اس کا فائدہ پہنچ سکے۔لاک ڈائون سے عوام کو بھکاری بنانے کی بجائے پیٹرول اور گیس پر سیلز ٹیکس ختم اور یوٹلیٹی بلز 2ماہ کیلئے ختم کی جائیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں