کراچی کے تاجروں نے 15اپریل سے کاروباری سرگرمیوں کا آغاز کر نے کا اعلان کردیا

سندھ حکومت چھوٹی تاجر برادری کو ریلیف دینے میں ناکام ہو گئی ، مجبور ہوکر ملازمین کو فارغ کرنا پڑرہا ہے، جمیل پراچہ

پیر 6 اپریل 2020 23:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2020ء) کراچی کے تاجروں نے 15اپریل سے کاروباری سرگرمیوں کا آغاز کر نے کا اعلان کردیا۔تاجر برادری کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت چھوٹی تاجر برادری کو ریلیف دینے میں ناکام ہو گئی ہے، مجبور ہوکر ملازمین کو فارغ کرنا پڑرہا ہے۔سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل احمد پراچہ نے کہا کہ مسلسل لاک ڈاؤن کی وجہ سے چھوٹے تاجر معاشی طور پر شدید مشکلات سے دوچار ہیں، ماہ رمضان میں چند روز باقی ہیں ،ان حالات میں مزید کاروباری سرگرمیوں کو بند رکھنا ممکن نہیں ہے جس کی وجہ سے کراچی سمیت سندھ بھر میں 15اپریل سے کاروباری سرگرمیوں کا آغاز کر دیا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار جمیل احمد پراچہ نے گزشتہ روز تاجروں کے اجلاس کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کاشف صابرانی، مقصود احمد، سلیم راجپوت، اسماعیل لالپوریہ اور دیگر موجود تھے۔جمیل پراچہ نے کہا کہ سندھ حکومت چھوٹے تاجروں کو ریلیف دینے میں ناکام ہوچکی ہے اور وزیراعلیٰ کی جانب سے گزشتہ روز جو تاجروں سے ملاقاتیں کی گئی اس میں چھوٹے تاجروں کی کوئی نمائندگی نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ15اپریل سے کاروباری سرگرمیوں روکا گیا تو اپنے ملازمین کو فارغ کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے اور ان لاکھوں لوگوں کی بے روزگاری کی ذمے دار سندھ حکومت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کسی بھی صورت میں حکومت کو مشکلات میں ڈالنا نہیں چاہتی لیکن موجودہ حالات میں لاکھوں چھوٹے تاجر دیوالیہ ہو چکے ہیں ، حکومت کاروباری سرگرمیوں کے آغاز کے لیے حفاظتی اقدامات کرے تاکہ چھوٹے تاجروں کو مشکلات سے نکالاجا سکے۔ اس کے ساتھ حکومت یوٹیلیٹی بلوں سمیت ایک سال تک تاجروں پر ٹیکس عائد نہ کرنے کا اعلان کرے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں