کراچی، اللہ کی بارگاہ میں عالمی وباسے چھٹکارے کیلئے دعائیں کی جائیں،علامہ الیاس قادری

منگل 7 اپریل 2020 17:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2020ء) امیر اہل سنت حضرت علامہ محمدالیاس عطار قاددری دامت برکاتہم العالیہ نے دنیا بھر میں پھیلی عالمی وبا کورونا وائرس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک حقیر اور معمولی جرثومہ جس کی کوئی حقیقت نہیں جو پانی سے بہہ جاتا ہے ،گرم بھاپ سے مرجاتا ہے ،اس جرثومہ نے ساری دنیا کو ہلاکر اور ہراکر رکھ دیا ہے ،شاید دنیا کی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہواہوگا کہ ساری دنیا گھر میں بیٹھ جائے،یہ وائرس کسی ٹیکنالوجی سے جائے یہ مشکل نظر آرہا ہے اس وبا سے چھٹکارے کیلئے ہمیں اس رب کی بارگاہ میں عاجزی کیساتھ جھک کر اپنے گناہوں کی معافی مانگنا پڑے گی۔

امیر اہل سنت نے کہا کہ لاک ڈائون کے سبب آج بے شمار افراد گھروں میں ہیں ہوسکتا ہے کہ وہ اپنا زیادہ وقت سو کر گزارتے ہوں یاد رکھیں کہ زیادہ سونا بھی طبیعت پر منفی اثرا ت مرتب کرتا ہے اس سے سرمیں درد ،یاداشت کی کمزوری ہوتی ہے اورکم سونا بھی نقصان دہ ہے ،کم از کم نیند آٹھ گھنٹے ہونی چاہئے۔

(جاری ہے)

امیر اہل سنت نے کہا کہ زیادہ سونے کے علاوہ گھر میں رہ کر کھانے کی زیادتی ہورہی ہوگی اس سے جسمانی اعضاکو زیادہ کام کرنا پڑتا ہے ایسا نہ ہو کہ جب کورونا وائرس جائے تو دیگر امراض سراٹھالیں ۔

امیر اہل سنت نے تنقید اور لڑائی جھگڑے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یادرکھیں جہاں تنقید ہوتی ہے وہاں لڑائی جھگڑے ہوتے ہیں ،دراصل ہمیں تنقید کرنا نہیں آتی ہم تنقید نہیں بلکہ زہر میں بجھے ہوئے تیر چلارہے ہوتے ہیں، آج ہمارے معاشرے میں وہ گھرانے جو مذہبی تربیت سے دور ہیں ان گھروں میں لڑائی جھگڑوں کا تناسب زیادہ ہے اور جو لوگ اللہ ورسول کا ذکر کرتے ہیں جن کی تربیت اسلام کے مطابق ہوتی ہے ان کی ا ٓپس میں لڑائی جھگڑے نہیں ہوتے ۔

امیر اہل سنت نے کہا کہ لوگوں میں اللہ پاک کو سب سے پیارا وہ ہے جو اپنے عیال کے ساتھ اچھا سلوک کرے لہذااپنے گھر والوں کو تکلیف نہیں دینی چاہئے بلکہ ان کے ساتھ اچھا سلوک کرنا ہے ،اپنے کام اپنے ہاتھ سے کرنا بہتر ہے ،بات بات پر حکم چلانا مناسب نہیں ہے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں