پیداوار میں بہتری ، طلب میں کمی ، ملک میں یوریا کے ذخائر 6لاکھ ٹن سے تجاوز کرگئے

منگل 7 اپریل 2020 17:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2020ء) ملک میں گندم کی کٹائی سے قبل یوریاکے ذخائر کی بڑھتی ہوئی سطح اورمقامی پیداوار میں بہتری لاکھوںکاشتکاروں کیلئے راحت کا باعث بن گئی ۔صنعتی اعداد وشمار کے مطابق رواں سال کی پہلی سہ ماہی (جنوری تامارچ)کے دوران ملک میں یوریا کی کھپت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی جس کی وجہ سے ملک میں یوریا کے ذخائر 6لاکھ ٹن سے تجاوز کرگئے جو پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں چار گنا زائد ہیں۔

ذرائع کے مطابق اپریل کے مہینے میں اسی رجحان کی توقع کی جارہی ہے جس سے یوریا کے ذخائر 750000ٹن تک پہنچ جانے کی امید ہے۔پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈیویلپمنٹ اکنامکس کے مطابق گندم کے کٹائی کے موسم کے قریب اگرکروناوائرس کی وجہ سے معاشی سرگرمیاں رکی رہیںتواس بات کا قوی امکان ہے کہ پاکستان کی زرعی معیشت کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا اور کرونا وائرس کے بحران کے پیشِ نظر 2020میں کھاد کی طلب گزشتہ سال کی 6ملین ٹن کے مقابلے میں 10فیصد کم ہوکر5.2ملین ٹن ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق رواں سال مقامی گیس پر چلنے والے یوریا پلانٹس کی پیداواری صلاحیت لگ بھگ 5.8ملین ٹن تک پہنچ سکتی ہے جس سے یوریا کی صنعت نہ صرف مقامی طلب کو پورا کرسکے گی بلکہ اس دوران ملک میں یوریا کے خاطر خواہ حفاظتی ذخائر بھی موجود ہوں گے۔ جس سے حکومت درآمدی یوریا پر دی جانے سبسڈی اورایل این جی پلانٹس پر چلنے والے یوریا پلانٹس کی وجہ سے پڑ نے والے غیر ضروری مالی اور زرِ مبادلہ کے بوجھ سے بچ سکتی ہے۔

گذشتہ سال حکومت نے نہ صرف ایل این جی درآمد پر 200ملین ڈالر کی خطیر رقم خرچ کی بلکہ درآمدی یوریا پر دی جانے والے سبسڈی سے ملکی خزانے کو 15ارب کا نقصان بھی اٹھانا پڑا۔ماہرین کے مطابق کرونا وائرس سے پہلے ہی کپاس، گندم اور دیگر فصلوں پر ٹڈیوں کے حملوں کی وجہ سے پہنچنے والے نقصان کی وجہ سے ہی حکومت نے ملک میں زرعی ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کیا تھا۔

ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس نتیجے میں سپلائی چین، فصلوں کی کم پیداواراورمزدوروں کی عدم دستیابی کی وجہ سے زرعی شعبہ اس سال سب سے زیادہ متاثر ہوسکتا ہے۔ماہرین کے مطابق حکومت نے زرعی شعبہ سے تعلق رکھنے والی درآمدات کو ضروری اشیاء قراردیکرکرونا کے اثرات کو کم کیلئے صحیح اقدامات اٹھائے ہیں۔اس حکومتی اقدام کی وجہ سے یوریا مینوفیکچرزاور اس شعبے تعلق رکھنے والی دیگر صنعتوں کو اپنے آپریشنز کو جاری رکھنے میں مدد ملے گی جس کی وجہ سے ملک میں کھاد اور دیگر زرعی اشیاء اور اجناس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں