کراچی میں کورونا وائرس میں مبتلا مزید 2مریض جان کی بازی ہار گئے،مرنے والوں کی تعداد20ہوگئی

بدھ 8 اپریل 2020 21:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2020ء) شہر قائد میں کورونا وائرس میں مبتلا دو مریض جان کی بازی ہار گئے ، جس کے بعد سندھ بھر میں کورونا وائرس کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 20 ہوگئی۔محکمہ صحت سندھ نے کہاکہ کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 50 کیس رپورٹ ہوئے ، تمام افراد رابطوں کے زریعے متاثر ہوئیمحکمہ صحت سندھ نے بتایا کراچی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 558 ہوگئی جبکہ سندھ بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1036 ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت نے کہا کہ کراچی میں کورونا وائرس میں مبتلا 11 مریض صحتیاب ہوگئے ، جس کے بعد سندھ بھر میں اب تک صحتیاب مریضوں کی تعداد 280 تک جا پہنچی ہے، کراچی سے 96، حیدرآباد سے 1 اور سکھر سے 183 مریض صحتیاب ہوئے۔ترجمان کے مطابق سندھ بھر میں کورونا وائرس کے باعث جاںبحق افراد کی تعداد 20 ہوگئی، جن میں سے 18 کا تعلق کراچی سے اور 2 کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق سندھ بھر میں 736 مریض زیر علاج ہیں ، جن میں سے 690 مریض رابطوں کے زریعے متاثر ہوئے ہیں جبکہ اب تک صوبے بھر میں 10 ہزار 981 مریضوں کے ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں