شب برات ،سندھ حکومت کے پولیس کو لاک ڈاؤن پر عمل در آمد کے لیے سختی کرنے کے احکامات

بدھ 8 اپریل 2020 23:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اپریل2020ء) ملک بھر میں کورونا وائرس کی وبا ء کے باعث شب برات کے موقع پر سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کے لیے لگائی گئی دفعہ 144 پر عمل در آمد کے لیے سختی کرنے کے احکامات پولیس کو دیدئیے ہیں۔ شب برات کے موقع پر شہری اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری دینے دن اور خصوصاًً رات کے اوقات میں بڑی تعداد میں لوگ قبرستان جاتے ہیں جبکہ مساجد میں عبادات کا خصوصی طور پر اہتمام کیا جاتا ہے۔

شہریوں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے سندھ حکومت نے یہ اقدامات اٹھائے ہیں اور تمام اہم شاہراؤں پرآمد رفت میں سختی کے ساتھ قبرستانوں کے گرد بھی پولیس کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ لوگ قبرستان میں جمع نہ ہو سکیں۔ ضلعی انتظامیہ، رینجرز اور پولیس کو سختی سے پیش آنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ لوگ شب برات کے موقع پر گھروں میں رہیں اور مساجد و قبرستان کا رخ نہ کر سکیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے علماء کرام نے بھی عوام سے اپیل کی ہے کہ جب جمعہ کی فرض نماز اور پانچ وقت کی فرض نمازوں کے لیے حکومت نے مساجد میں آنے پر پابندی عائد کی ہے تو شب برات میں کی جانے والی خصوصی عبادتیں نفلی ہیں اس لیے کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے حکومت کی ہدایات پر مکمل عمل کریں اور گھروں میں باجماعت نمازوں کا اہتمام کرنے کے ساتھ شب برات کی بھی نفلی عبادتیں گھروں میں رہ کر انجام دیں۔ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر بلدیات و اطلاعات ناصر حسین شاہ اور وزیر تعلیم سعید غنی نے بھی سندھ بھر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور شب برات کے موقع پر بھی گھروں میں رہیں ۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں