شہید بینظیرآباد رینج میں کرونا وائرس کی وباء کے باعث لاک ڈاؤن کی صورتحال اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ اجلاس

جمعرات 9 اپریل 2020 21:49

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2020ء) ایڈیشنل انسپیکٹر جنرل آف پولیس حیدرآباد ریجن غلام قادر تھیبو کی زیرصدارت شہید بینظیرآباد رینج میں کرونا وائرس کی وباء کے باعث لاک ڈاؤن کی صورتحال اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ اجلاس ڈی آئی جی آفس شہید بینظیرآباد میں منعقدکیا گیا۔ جمعرات کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ڈی آئی جی شہید بینظیرآبادمظہر نواز شیخ،ایس ایس پی شہید بینظیرآباد تنویر حسین تنیو،ایس ایس پی سانگھڑ ذیشان شفیق صدیقی، ایس پی ہیڈکوارٹر لیاقت کھٹیان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈی آئی جی مظہر نواز شیخ کی جانب سے رینج میں امن امان کی صورتحال اور کرونا وائرس کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ رینج کے تینوں اضلاع میں اس سال کے پہلے تین ماہ میں 1551 ایف آئی آرز کا اندراج کیا گیا ہے جبکہ 1982 مطلوب ملزمان کو گرفتار کرکے جیل بھیجا گیا ہے ،اس عرصے کے دوران 106 اشتہاری اور 574 مفرور ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا، اس کے علاوہ منشیات فروشوں و غیرقانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کاروائیوں میں 3 کلاشن کوف،33 ریوالور،1 رائیفل،26 شاٹ گن اور 125 پسٹل برآمد کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ رینج میں تین ماہ کے دوران منشیات فروشوں کے خلاف کاروائیوں میں 324 کلو 594 گرام چرس، 50 گرام آفیم،ساڑھے 64 کلو بھنگ،13 ہزار 706 لیٹر دیسی شراب،449 بوتل وسکی اور 343 پوائنٹس شراب برآمد کی گئی ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی نے رینج کے پولیس آفسران وجوانوں کے ٹیم ورک کو سراہتے ہوئے مزید ہدایات دیں کہ جھوٹی ایف آئی آرز کے اندراج اور سول مسائل کو کم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔

آر پی او نے لاک ڈاؤن کو کامیاب بنانے کے لئے سیکیورٹی انتظامات کو بھی سراہا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ چیک پوسٹوں و قرنطینہ سینٹر پر مقرر سیکیورٹی عملے کو کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے حفاظتی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سندھ حکومت کی جانب سے دی گئی ہدایات و گائیڈ لائن پر مکمل عملدرآمد کیا جائے جبکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت احساس کفالت پروگرام کے ذریعے امدادی رقوم کی تقسیم کے دوران کیمپ پوائنٹس پر سیکیورٹی،کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے حفاظتی تدابیر اور سماجی دوری قائم رکھنے کو بھی یقینی بنایا جائے۔

قبل ازیں ڈی آئی جی آفس پہنچنے پر پولیس دستے نے اے آئی جی کو گارڈ آف اونر پیش کیا۔ بعد ازاں ایڈیشنل آئی جی غلام قادر تھیبو نے رینج آفس شہید بینظیرآباد کے کلاس 4 کے ملازمین میں راشن بیگ تقسیم کئے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی شہید بینظیرآباد مظہر نواز شیخ کی جانب سے اے آئی جی حیدرآباد کو ریفارمنگ سندھ پولیس ورکنگ اینڈ کلچر کی کتاب اور سووینئیر کا تحفہ پیش کیا گیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں