حکومت سندھ نے کورونا ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کا مسودہ تیار کر لیا،منظور گور نر سندھ دینگے

گورنر سندھ کی منظوری کے بعد آرڈیننس یکم اپریل سے مخصوص مدت تک پورے سندھ میں نافذ العمل ہو گا

جمعہ 10 اپریل 2020 13:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2020ء) حکومت سندھ نے بجلی اور گیس کے کم یونٹ والے صارفین کو بلوں میں آسانی فراہم کرنے کی تیاری کر لی ہے۔محکمہ قانون سندھ نے کورونا ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کا مسودہ تیار کر لیا ہے جس کی منظوری گورنر سندھ عمران اسماعیل دیں گے۔ گورنر سندھ کی منظوری کے بعد آرڈیننس یکم اپریل سے مخصوص مدت تک پورے سندھ میں نافذ العمل ہو گا۔

آرڈیننس کے تحت کورونا وائرس سے متاثرہ طبقات کو سماجی، معاشی اور کاروباری ریلیف دیا جائے گا۔ مسودے کے مطابق نجی اسکولوں پر 20 فیصد ٹیوشن فیس کی کٹوتی لازم قرار دی گئی ہے، جسے کسی اور مد میں یا مخصوص مدت گزرنے کے بعد بھی وصول نہیں کیا جائے گا۔آرڈیننس کی مخصوص مدت تک مکان یا دکان مالک کرایہ مؤخر کرنے کا پابند ہو گا، 50 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک کا 50 فیصد کرایہ ادا کرنا ہو گا، باقی بعد میں ادا کیا جائے گا مگر ایک لاکھ سے زائد کرایہ ادا کرنے والوں کو مکمل ادائیگی کرنا ہو گی۔

(جاری ہے)

مکان یا دکان مالک اگر بیوہ، معذور اور بزرگ شہری ہے تو وہ اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔آرڈیننس کے تحت بجلی، گیس اور پانی کے بلوں میں بھی صارفین کو ریلیف دیا جائے گا۔کورونا ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کی خلاف ورزی پر موقع پر سزا ہوگی اور 10 لاکھ روپے تک جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں