وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی پی آئی اے طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے میجر شہریار فضل اور لیفٹیننٹ شہیر کے لواحقین سے ملاقات ، اظہار تعزیت کیا

پیر 25 مئی 2020 21:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2020ء) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے پیر کو پی آئی اے کے طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے میجر شہریار فضل اور لیفٹیننٹ شہیر کے لواحقین سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پر فیصل واوڈا نے سوگوار خاندانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر عید کے دوسرے روز بھی لواحقین سے تعزیت کرنے آیا ہوں، پاک فوج کے افسران کی شہادت پر ان کے والدین کا جذبہ قابل دید ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے حکم پر عید کے تینوں دن طیارہ حادثہ کے شہداء کے لواحقین کے ساتھ گزاروں گا۔ انہوں نے لواحقین کو تسلی دلائی کہ ان کے پیاروں کے جسد خاکی جلد ان کے حوالے کئے جائیں گے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کے تمام لواحقین کے ساتھ مسلسل رابطہ میں ہیں اور وزیراعظم کو بھی تمام تر صورتحال سے آگاہ رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میجر شہریار فضل اور لیفٹیننٹ شہیر کے والدین نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی اپنے بچے ملک پر قربان کرنے کیلئے فوج میں بھیجے۔ شہید افسران کے والدین نے کہا کہ ہم اپنے دوسرے بچے بھی فوج میں بھیجیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں