قانونی راستہ بند، غیر قانونی انتقال کر کے عوام کو لوٹا جا رہا ہے،حسن سید

بدھ 27 مئی 2020 18:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2020ء) رئیل اسٹیٹ ڈویلپرز ایسوسی ایشن آف پنجاب کے چیئرمین حسن سیدنے کہا ہے کہ پٹواری مافیا حکومت کو روزانہ اربوں روپے کا نقصان پہنچا رہی ہے۔جائیداد کے انتقال کر قانونی راستہ بند کر کے غیر قانونی انتقال کے زریعے عوام کو لوٹا جا رہا ہے۔حکومت اس لوٹ مار کا نوٹس لے۔حسن سید جوایف پی سی سی آئی کی ریجنل قائمہ کمیٹی برائے رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ کے سابق چئیرمین بھی ہیں نے یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ہزاروں رہائشی سکیموں کو این او سی جاری نہیں کیا جا رہا ہے جس سے کاروباری برادری اور عوام مایوسی کا شکار ہے۔

صرف سرگودھا میںضلعی انتظامیہ نے ایک سو سینتیس رہائشی سکیموں کی رجسٹری اور بجلی گیس و پانی کے کنکشنز کو بلاک کر دیا گیا ہے اورپلاٹوں کے انتقال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے مگر پٹواری مافیا کو غیر قانونی انتقال کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

اس دھندے سے حکومت کو صرف ایک ضلع میں روزانہ چھ سے آٹھ کروڑ کا نقصان ہو رہا ہے جبکہ صوبے کے چھتیس اضلاع میں حکومتی نقصانات کئی ارب روپے روزانہ ہیں۔

غیر قانونی پابندیوں کی وجہ سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری ضائع ہو رہی ہے، تعمیراتی صنعت کو نقصان پہنچ رہا ہے جبکہ لاکھوں افراد کو روزگار فراہم کرنے کی کوششیں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔رہائشی سکیموں کی رجسٹری اور بجلی گیس و پانی کے کنکشنزپر پابندی لگانے کا یہ بہانہ بنایا گیا ہے کہ کہ ان کے پاس این او سی نہیں ہے جبکہ این او سی بھی ضلعی انتظامیہ ہی جاری کرتی ہے۔

این او سی کے لئے ڈسٹرک پلاننگ اینڈ ڈئزائن کمیٹیاں بنائی گئی ہیں جن کا اجلاس ہر ہفتے ہونا چائیے مگر کروڑوں روپے کی غیر قانونی آمدنی کی وجہ سے ان کمیٹیوں نے گزشتہ دو سال کوئی اجلاس نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے بلڈرز، ڈویلپرز اور پلاٹ خریدنے والے خوار ہو گئے ہیں۔اگر رہائشی سکیموں کو ریگولرائیز کر دیا جائے تو حکومت کو کروڑوں روپے روزانہ کی آمدنی ہو گی ، لاکھوں افراد کو روزگار ملے گا، 72کے قریب تعمیراتی سامان تیار کرنے والی صنعتیں رواں ہو جائیں گی اور صورتحال سے پریشان عوام اور دیار غیر میں مقیم پاکستانی جن کا خون پسینے سے کمایا ہوا اربوں روپے پھنسا ہوا ہے سکھ کا سانس لینگے۔

انھوں نے کہا کہ قانونی پلاٹوں کی کمی کے سبب مارکیٹ میں قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں جو عوام کے مفاد کے خلاف ہے۔ حکومت اس صورتحال کا نوٹس لیںاور اصلاح احوال کرے تاکہ یہ سلسلہ ختم ہوکرونا وائرس کی وجہ سے زوال پزیر اقتصادی سرگرمیوں کو بحال کیا جا سکے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں