لاک ڈاؤن مکمل طور پر ختم کیا جائے، چیئرمین بزنس مین گروپ

بدھ 27 مئی 2020 22:48

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2020ء) بزنس مین گروپ ( بی ایم جی) کے چیئرمین سراج قاسم تیلی نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن مکمل طور پر ختم کردیا جائے تاکہ تمام اقسام کے کاروبار اور صنعتیں بھرپور طریقے سے دوبارہ اپنا کام شروع کرسکیں۔انہوں نے حکومت کو فوج تعینات کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ فوج کی موجودگی اور گشت سے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے وضع کیے گئے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

بدھ کو جاری کردہ اپنے بیان میں سراج تیلی نے کہاکہ پاکستان کی معیشت شدید بحرانوں کا شکار ہے اور ملک مزید نقصانات کا متحمل نہیں ہوسکتا لہٰذا یہ انتہائی ضروری ہے کہ وائرس کی موجودگی میں زندگی کی طرف واپس لوٹتے ہوئے معمول کے مطابق تمام کاروبار شروع کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایک طرف ہمیں کرونا کے وبائی مرض پر قابو پانا ہے لیکن دوسری طرف ہمیں پہلے سے بیمار معیشت کوبھی بچانا ہے لہٰذا محب وطن اور نظم وضبط پر عمل پیرا فوجی کو لازمی طور پر ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کی ذمہ داری سونپی جائے اور معیشت کو مزید بحرانوں سے بچانے کے لیے فوج کو بلانے کو اولین ترجیح دی جائے۔

انہوں نے کہاکہ فوج کی نگرانی میں کاروبار دوبارہ کھولنے سے کاروبار کو مکمل تباہ ہونے سے بچانے اور عوام کو بھوک و افلاس، غربت اور بے روزگاری سے بچانے میں مدد ملے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں