غلام مرتضیٰ بلوچ نے عوام کے معیار زندگی کو بہتر سے بہتر بنانے کے مشن کو اپنالیا تھا ،پروفیسر زاہد ہ بقائی

جمعرات 4 جون 2020 16:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2020ء) غلام مرتضیٰ بلوچ صوبائی وزیرسندھ کچی آبادی (ہیومن سیٹلمنٹ) کا کورونا وائرس کا شکار ہوکر اس دنیاسے رخصت ہوجانا گڈاپ ٹائون ہی کا نہیں ہر اس فرد اور ادارے کا نقصان ہے جو انسانی فلاح اور خدمت پر یقین رکھتا ہے۔ وہ روایتی منتخب رکن اسمبلی نہیں تھے بلکہ انہوں نے عوام کے معیار زندگی کو بہتر سے بہتر بنانے کے اس مشن کو اپنالیا تھا جو بقائی میڈیکل یونیورسٹی کے ساتھ ان کے ذاتی قرب نے ان میں پیدا کردیا تھا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زاہدہ بقائی نے اپنے دفتر میں مرحوم مرتضیٰ بلوچ کے لئے فاتحہ خوانی کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرتضیٰ بلوچ طویل عرصے سے بقائی میڈیکل یونیورسٹی کے ساتھ رابطے میں تھے۔ وہ یہاں کے چھوٹے بڑے پروگراموں میں برابر شریک ہوتے تھے۔وہ بچوں کی ابتدائی تعلیم اور علاقے کی خواتین کی صحت کی بہتری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے اور جہاں کہیں سرکاری سطح پر مددکی ضرورت ہوتی تھی تعاون کی راہ نکالتے تھے۔ اللہ ان کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر دے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں