محکمہ بلدیات اور نادرا کے درمیان عوامی سہولتوں کی فراہمی میں انقلابی پیشرفت

نئے معاہدے کے تحت سرٹیفیکٹس کے اجرا میں آن لائن ڈیٹا انٹری متعارف کروادی گئی

ہفتہ 6 جون 2020 16:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2020ء) عوامی منفعت اور سماجی بہبود کا پہلو ہمیشہ سے ہی حکومت سندھ کی اولین ترجیح اور پالیسی رہی ہے۔ لوگوں کی آسانی اور سہولت کی خاطر حکومت سندھ کے محکمہ بلدیات نے نادرا کے ساتھ معاہدہ تشکیل دیا ہے جو کہ 2006کے معاہدے کے مقابلے میں عوام کے لئے مزید سہولیات اور آسانیاں لئے ہوئے ہے۔ اس حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ روشن علی شیخ نے بتایا کہ وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ بلدیات سندھ نے نادرا کے ساتھ معاہدہ تشکیل دیا ہے جس کے تحت ابتدائی طور پر سندھ کے چھہ اضلاع کی 146یونین کونسلوں میں نادرا کے ڈیٹا بیس لنک کا قیام عمل میں لایا جائے گا جہاں سے عوامی سہولت کے پیش نظر پیدائش، اموات، نکاح وغیرہ کے سرٹیفیکٹ باآسانی مل جایا کریں گے اور لوگوں کو اپنی دستاویزات کے حصول کے لئے وقت اور توانائی صرف نہیں کرنی پڑے گی۔

(جاری ہے)

اس مقصد کی تکمیل کی خاطر محکمہ بلدیات سندھ کے دفاتر میں نادرا کے عملے کی جانب سے بلدیاتی ملازمین کو باقاعدہ سافٹ وئیر استعمال کرنے کے لئے ٹریننگ بھی فراہم کی جائے گی۔ روشن علی شیخ کے مطابق اس سہولت کی بدولت ایک طرف تو لوگوں کو سرٹیفیکٹ کے حصول میں آسانی ہوگی اور رئیل ٹائم ڈیٹا انٹری کے فلسفے کے تحت سرٹیفیکٹ حاصل کرنے والے شخص کی معلومات سیکنڈوں کے اندر نادرا کے ڈیٹا بیس میں محفوظ جائے گی جس کی بدولت جعلسازی اور جھوٹے دستاویز بنانے کے رجحان کی بھی بیخ کنی کی جاسکے گی۔

سیکرٹری بلدیات سندھ نے بتایا کہ ان دفاتر میں آنے والے سائلین کی سہولت کے لئے انتظار گاہ اور بیٹھنے کے لئے نشستوں کا بھی انتظام کیا جائے گا تاکہ بروقت کام مکمل ہوسکے۔ روشن علی شیخ نے مزید بتایا کہ فی الحال چھہ اضلاع سے شروع ہونے والی عوامی سہولت کو مرحلہ وار صوبے کے تمام علاقوں تک پہنچایا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں