سندھ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں شادی ہال کو اجازت نہ دینے پر افسوس ہے،رانا رئیس

جمعرات 2 جولائی 2020 17:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2020ء) شادی ہال اونرز ایسوسی ایشن نے لاک ڈان میں توسیع کے باوجود شادی ہالز کو تقاریب کی اجازت نہ ملنے پر اسے مزدوروں کی مشکلات میں اضافہ کا سبب قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں ایسوسی ایشن کے صدر رانا رئیس نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں شادی ہال کو اجازت نہ دینے پر افسوس ہے، ہماری بار بار اپیل کے باوجود سندھ حکومت نے شادی ہال کے معاملے پر نظر ثانی نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری لیبر بے روزگار ہے اور نوبت نوبت فاقوں تک آگئی ہے، تمام اخراجات اپنی جگہ پر موجود ہیں جبکہ آمدنی کوئی نہیں یہی صورتحال رہی تو شادی ہال مالکان دیوالیہ ہوجائیں گے۔ شادی ہالز مالکان نے پر امن احتجاج کرکے اپنی آواز حکام تک پہنچائی، احتجاج کے باوجود حکومت نے ہمارے کاروبار کا نہیں سوچاگیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شادی ہالز مالکان نے ایس او پی کے ساتھ تقاریب منعقد کرنے کا مظاہرہ بھی کیا اور حکومت کو ہر سطح پر یقین دہانی کرائی کہ کرونا کیو با کی روک تھام کے لیے حکومت کی تمام ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے گا تاہم حکومت نے اس تجویز پر بھی کوئی ردعمل نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ جن خاندانوں نے تقاریب کی بکنگ کرائی تھی وہ اپنی رقوم کی واپسی کا تقاضہ کررہے ہیں اور شادی ہالز مالکان کے پاس واپسی کے لیے پیسہ نہیں ہے دوسری جانب شادی ہالز بند ہونے سے شہری چھوٹے چھوٹے گھروں میں تقاریب منعقد کررہے ہیں جس سے کرونا پھیلنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ شادی ہالز کھولنے کی اجازت دی جائے بصورت دیگر سندھ حکومت شادی ہالز مالکان اور وابستہ لیبر اوردیگر شعبہ جات کے بے روزگار ورکرز کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کرے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں