مساجد اللہ کا گھر ہیں،ان کااحترام کرنا ہر مسلمان پرلازم ہے،حاجی حنیف طیب

ہفتہ 8 اگست 2020 19:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2020ء) نظام مصطفی پارٹی کے صدرسابق ممبر اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان ڈاکٹر حاجی محمدحنیف طیب نے کہاکہ مساجد اللہ کا گھر ہے اس کااحترام کرنا ہر مسلمان پرلازم ہے۔اس کا تقدس قائم رکھنے کے لئے قرآن پاک،احادیث میںسختی کے ساتھ تاکید کی گئی ہے۔بادشاہ کے محل ایوان صدراوروزیراعظم ہاؤس میں ہم جوتے پہن کر چلے جاتے ہیں۔

لیکن مسجد میں داخلے سے پہلے اپنے جوتے اُتارنے ہوتے ہیںاورداخل ہوتے وقت پہلا پاؤں سیدھا مسجد میں رکھنے کا حکم ہے،کہا ایک طرف اتنی پاکیزگی اورنزاکت ہے،دوسری طرف اسلام میں ناچ گانا،بے حیائی کو فروغ دینے کے والے عمل کوئی گنجائش نہیں ۔حاجی محمدحنیف طیب نے پاکستان کی تاریخی مسجد وزیر خان لاہورمیں فلم کی شوٹنگ ،میوزک اوررقص کا ہونے پر افسوس اورشدیدبرہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ ریاست مدینہ بنانے کے دعویدارحکومت کیلئے ایسا عمل کا ہونا لمحہ فکریہ ہے، نازیبا حرکت کرکے مساجد کے تقدس کو پامال کیاگیاجس سے ہرمسلمان میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

حاجی محمدحنیف طیب نے کہاکہ سب سے بڑے مجرم وہ ہیں جنہوں نے مسجد میں شوٹنگ کی اجازت دی اوراتنا کچھ ہوتا رہا وہاں کی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی رہی ،مسجد انتظامیہ اوراجازت دینے والے افسران کے خلاف بھی سخت کارروائی ہونی چاہیے ۔علاقہ کی پولیس کہاسورہی تھی،ضلعی انتظامیہ کہاتھی ،صوبائی حکومت کیا خراٹے لیکر سورہی تھی ۔حاجی محمدحنیف طیب نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ہر اس عمل سے اجتناب کیا جائے جس سے مسجد کی حرمت پر ایک حرف آئے۔سب متعلقہ لوگوں کے خلاف ایک ہفتہ کے اندر،اندرکارروائی کرکے نوٹس لینے کا کوئی فائدہ بھی ہونا چاہیے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں