شہر کی صورت حال پچھلی بارشوں کے مقابلے میں بہتر ہے، سید ناصر شاہ

نالوں کی صفائی اور سوئیپنگ کا عمل مستقل طور پر جاری ہے، وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ

ہفتہ 8 اگست 2020 22:44

شہر کی صورت حال پچھلی بارشوں کے مقابلے میں بہتر ہے، سید ناصر شاہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2020ء) وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ شہر کی مجموعی صورت حال پچھلی بارشوں کے مقابلے میں بہت بہتر ہے، بارش کی شدت کے باوجود کسی بھی جگہ سیلابی کیفیت پیدا نہ ہوئی۔شہر میں ہونے والی مستقل شدید بارشوں کے دوران ناصر حسین شاہ مستقل طور پر شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے رہے اور بلدیاتی افسران اور عملے کو مختلف امور کے حوالے سے ہدایات دینے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

وزیر بلدیات سندھ نے ناگن چورنگی، اورنگی ٹاون، لیاقت آباد گجر نالے سمیت شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور نکاسی آب سمیت دیگر امدادی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بارشوں کی شدت کے باوجود حکومت سندھ کی بروقت حکمت عملی اور کامیاب کوآرڈینیشن پالیسی کی بدولت شہر کا حال پہلے سے قدرے بہتر اور مختلف ہے، کسی بھی مقام پر پانی نہ کھڑا ہونے دیا گیا اور نہ ہی انڈر پاسز بھرے۔

(جاری ہے)

تمام ڈی ایم سیز کے چئیرمینز سے میں مستقل طور پر خود رابطے میں رہا اور ایم ڈی واٹر بورڈ کو مخصوص مقامات پر ڈی واٹرنگ مشینوں کی تنصیب کے احکامات بھی دئیے۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز سے اب تک تمام نشیبی علاقوں، چوکنگ پوائنٹس ، حساس مقامات پر واٹر بورڈ، ڈی ایم سیز، سالڈ ویسٹ بورڈ کا عملہ مستقل طور پر عوامی خدمات میں مصروف عمل ہے۔

ناصر شاہ نے بتایا کہ جن مقامات پر وقتی طور پر پانی جمع ہوا تھا ، رات سے قبل اس کوصاف کردیا گیا تھا اور شاہراہ فیصل، گلستان جوہر، ابوالحسن اصفہانی روڈ، گلشن اقبال، راشد منہاس روڈ سمیت تمام علاقے بروقت کلئیر کردئیے گئے تھے ، اس وقت بھی تمام میونسپل کمشنرز اور بلدیاتی نمائندگان تمام اداروں کے ساتھ مکمل مشاورت اور رابطے میں ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور بجلی کے کھمبوں اور برقی آلات سے دور رہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں