کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں ۔ اکرم رانا

سڑکیں اور سیوریج سسٹم تباہ ہوگیا جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہیں ،صدر ٹیکسٹائل اونرز ایسوسی ایشن

اتوار 9 اگست 2020 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2020ء) ٹیکسٹائل پلازہ اونر ایسوسی ایشن کے صدر محمد اکرم رانا نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں شہر کو لاوارث بنادیا گیا ہے جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہیں شاہراؤں اور سڑکوں کا برا حال ہے سیوریج سسٹم ناکارہ ہوگیا ہے کے الیکٹرک کی جانب سے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ان خیا لات کا اظہار انہوں نے تاجروں کے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کیا محمد اکرم رانا نے مزید کہا کہ کراچی کو موہنجو دڈو بنا دیا گیا ہے سپریم کورٹ کی جانب سے تجاوزات کے خا تمے کے احکا مات کے باوجود غیر قانونی تجاوزات قائم ہیں صرف نمائشی کارروائی کی جاتی ہے غیر قانونی تعمیرات مکمل ختم نہیں کی گئیں ہیں انہوں نے مزید کہاکہ شہر کے بنیادی مسائل حل کرنے میں ناکامی پر سندھ حکومت میئر کراچی کو ذمہ دار ٹہراتی ہے جبکہ میئر کراچی کہتے ہیں کہ میرے پاس اختیارات اور فنڈز نہیں ہیں پھر شہر کے مسائل حل کرنے کیلئے کون آگے آئیگا اکرم رانا نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کراچی میں نالوں کی صفائی کی ذمہ داری این ڈی ایم اے کو دینے کے عمل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے نالوں کی صفائی کے امور میں بہتری آئیگی ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں