بلاشبہ شیخ عمرریحان کاٹی کے بہترین صدر کے طور پر سامنے آئے ہیں، ایس ایم منیر

عمرریحان نے کوروناوائرس اور لاک ڈائون کے باوجود اب تک ریکارڈ پروگرام کئے ، انکی صدارت کا ابھی ڈیڑھ ماہ باقی ہے اوروہ تمام ریکارڈ توڑ دیں گے،یونائٹیڈ بزنس گروپ

جمعرات 13 اگست 2020 22:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2020ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)اور کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے شیخ عمرریحان کی کاٹی کے صدر کی حیثیت سے کارکردگی کو بہترین قرار دیتے ہوئے انہیں بے مثال صدر قرار دیدیا۔ایس ایم منیر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ رواں سال کورونا وائرس نے تمام ہی شعبوں کو متاثر کیا اورملکی معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے لیکن کورونا وائرس کے باوجود کاٹی کے صدر شیخ عمرریحان نے اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کیا اور ہرممکن طور پر کاٹی کے دفتر میں بیٹھ کر کاٹی کے ممبران کے مسائل حل کرانے کی بھرپور کوششیں کیں،بلاشبہ شیخ عمرریحان کاٹی کے بہترین صدر کے طور پر سامنے آئے ہیں، عمرریحان کی کامیابی پر مجھے ناز ہے اور میرا بس چلے تو میں انہیں تین سال تک کاٹی کا صدر برقرار رکھوں لیکن قانون کی پابندی ایک سال کی ہے۔

(جاری ہے)

ایس ایم منیر نے کہا کہ عمرریحان نے کوروناوائرس کی وباء اور لاک ڈائون کے باوجود اب تک ریکارڈ پروگرام کئے جبکہ انکی صدارت کا ابھی ڈیڑھ ماہ باقی ہے اوروہ تمام ریکارڈ توڑ دیں گے۔کاٹی کے صدر شیخ عمرریحان نے بزنس لیڈر ایس ایم منیر کی جانب سے اپنے لئے بہترین جذبات پرانکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایم منیر ہمارے لیڈر اور آئیڈیل ہیں اور انہوں نے جن خیالات کا اظہار کیا ہے وہ میرے لئے بہت بڑا سرمایہ ہیں،میرے لیڈرایس ایم منیر( بھائی جان) نے مجھ پر جو اعتماد کیا تھا میں نے اپنی ٹیم کے ساتھ اس پر پورا اترنے کی مکمل کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ کورونا وائرس نے معمولات زندگی کو بری طرح سے متاثر کیا لیکن ہم نے ہمت نہیں ہاری اور کاٹی کے سینئرنائب صدر اکرام راجپوت اور نائب صدر سیدواجدحسین سمیت ایگزیکٹو کمیٹی اراکین کے ہمراہ اپنے لیڈر ایس ایم منیر کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے کاٹی ممبران کے مسائل حل کرانے کی جدوجہد جاری رکھی۔#

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں