سی پی این ای نے سندھ حکومت کے ذمہ اخبارات کے واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف نئی رٹ پٹیشن داخل کر دی

سندھ ہائی کورٹ نے سندھ حکومت کو بروز پیر 24 اگست 2020ء کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا اخباری اداروں کو جنوری 2019ء سے واجبات کی عدم ادائیگیوں سے اخباری ادارے شدید معاشی بحران کا شکار ہیں‘ سی پی این ای عدالت عالیہ سندھ حکومت کو اخبارات و جرائد کے واجبات کی فوری ادائیگی کا حکم جاری کرے‘ ڈاکٹر جبار خٹک

جمعرات 13 اگست 2020 22:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2020ء) سندھ ہائی کورٹ نے اخبارات کے 2019ء اور 2020ء کے عرصے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کی جانب سے داخل نئی رٹ پٹیشن پر سندھ حکومت کے چیف سیکریٹری اور صوبائی محکمہ اطلاعات کے سیکریٹری سمیت دیگر کو 24اگست کے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔

رٹ پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے جنوری 2019ء سے جولائی 2020ء تک واجبات کی عدم ادائیگی پر اخبارات کے ادارے شدید معاشی بحران کا شکار ہیں اور اخباری ادارے بند ہونے کی دہلیز پر ہیں، جس کی وجہ سے اخباری اداروں کے صحافی اور دیگر کارکن بھی شدید مالی پریشانیوں کا شکار ہیں۔ رٹ پٹیشن میں سی پی این ای کی جانب سے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک نے استدعا کی ہے کہ عدالت عالیہ سندھ حکومت کو اخبارات و جرائد کے واجبات کی فوری ادائیگی کا حکم جاری کرے۔

(جاری ہے)

مقدمے کی سماعت جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس یوسف علی سید پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی جبکہ سی پی این ای کی پیروی سید محمد جمیل رضا زیدی اور محمد اظہر فریدی ایڈووکیٹس نے کی۔ واضح رہے کہ سی پی این ای کی جانب سے دسمبر 2018ء تک کے گزشتہ واجبات کی وصولی کے لئے بھی سندھ حکومت کے خلاف توہین عدالت کی سماعت جاری ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں